2016 تک صوبے کے تمام بچوں کا سکولوں میں داخلہ یقینی بنایا جائے گا،

ایجوکیشن فاؤنڈیشن کو 7 ارب 50 کروڑ روپے فراہم ،20 لاکھ ناخواندہ افرد کو غیر رسمی تعلیم کی فراہمی کے لئے 2 ارب 40 کروڑ فراہم کئے گئے ، 3.50 ارب روپے طلبہ کو میرٹ پر لیپ ٹاپ دینے کے لئے مختص کئے گئے ہیں، مجتبیٰ شجاع الرحمن

جمعرات 15 جنوری 2015 22:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15جنوری2015ء) وزیر قانون ،ایکسائز وٹیکسیشن ، خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ معیار ی تعلیم کے مواقع ہر مکتبہ فکر کے طلباء کو فراہم کرکے دہشت گردی جیسی لعنت سے چھٹکاراپایاجاسکتا ہے،حکومت نے گذشتہ چھ سال کے دوران شعبہ تعلیم کیلئے بجٹ بتدریج بڑھایاہے - انہوں نے کہا کہ ہائرایجوکیشن کے ترقیاتی بجٹ کے 14.5 ارب روپے،نئے کالجز کے قیام کے لئے 3.42 ارب روپے،کالجز میں ضروری سہولیات کی فراہمی کے لئے 1 ارب36 کروڑ روپے اور 3.50 ارب روپے طلبہ کو میرٹ پر لیپ ٹاپ دینے کے لئے مختص کئے گئے ہیں۔

پارٹی ورکرز سے گفتگو کرتے ہوئے مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہاکہ حکومت معاشرے کے تمام طبقات خصوصا کم وسیلہ لوگو ں کے لئے تعلیم کی سہولتیں فراہم کرنے کوترجیح دے رہی ہے اور انڈوومنٹ فنڈ ، پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے وظائف اور دیگر وظائف و سہولتیں فراہم کرکے کم وسائل رکھنے والے طلباء و طالبات کو تعلیم کی معیاری و جدید سہولتیں فراہم کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ مسحق طلباء کو قومی دھارے میں شامل کیاجاسکے۔

(جاری ہے)

اانہوں نے کہا کہ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کو 7 ارب 50 کروڑ روپے جبکہ20 لاکھ ناخواندہ افرد کو غیر رسمی تعلیم کی فراہمی کے لئے 2 ارب 40 کروڑ فراہم کئے گئے ہیں ، مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ سکولوں میں اصلاحات کے پروگرام کے تعلیمی شعبے کی بہتری پر انتہائی مثبت اثرات مرتب ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں انرولمنٹ مہم بھرپور طریقے سے جاری ہے جبکہ 2016 تک صوبے کے تمام بچوں کا سکولوں میں داخلہ یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن فروغ تعلیم میں انتہائی مثبت کردار ادا کر رہی ہے،فاؤنڈیشن کے زیر انتظام سکولو ں کی کل تعداد 3600 تک پہنچ گئی ہے جن میں 15 لاکھ طلباء و طالبات تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے ٹھوس اقدامات کی وجہ سے صوبہ کے سکولوں میں طلبا ء کی تعداد حقیقی معنوں میں 11 ملین سے تجاوز کر گئی ہے ۔

متعلقہ عنوان :