کشمیری تحریک آزادی کیخلاف بھارتی سازشوں کو ناکام بنا دیں گے، ظفر اکبربٹ

جمعہ 16 جنوری 2015 16:08

سرینگر (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 جنوری 2015ء)جموں و کشمیر سالویشن موومٹ کے چیئر مین ظفراکبر بٹ نے کہا کہ کشمیری تحریک آزادی کیخلاف بھارتی سازشوں کو ناکام بنا دیں گے۔غیر کشمیریوں کو مقبوضہ علاقے کے مستقل رہائشی حقوق دینے کے بھارتی حکومت کے اقدام کے خطرناک نتائج نکلیں گے۔ بڈگام کے مختلف علاقوں میں عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے ظفر اکبر بٹ نے کہا کہ جموں وکشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے جس پر بھارت نے طاقت کے بل پر قبضہ جما رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری گزشتہ 67برسوں سے اپنے پیدائشی حق، حق خود ارادیت کیلئے جد وجہد کر رہے ہیں۔ ظفرا کبر بٹ نے کہا کہ کشمیری تنازعہ کشمیر کے بنیادی فریق ہیں جن کی خواہشات کے منافی تنازعہ کا کوئی بھی حل ہرگز پائیدار ثابت نہیں ہو گا۔

(جاری ہے)

ظفر اکبر بٹ نے بھارت پر زور دیا کہ وہ تحریک آزادی کیخلاف اوچھے ہتھکنڈوں کے بجائے مقبوضہ علاقے سے فوجی انخلا اور یہاں نافذ کالے قوانین کو منسوخ کرے۔

انہوں نے کہا کہ شہداء نے عظیم مقصد کیلئے اپنی جانیں قربان کی ہیں اور کشمیری اپنے شہداء کے مشن کو ہر صورت پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے پاکستان کے امور خارجہ کے مشیر سرتاج عزیز کے حالیہ بیان کو کشمیریوں کیلئے حوصلہ افزا قرار دیا جس میں انہوں نے کہا تھاکہ پاکستان تنازعہ کشمیریوں کو یکسو رکھ کر بھارت کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات نہیں کرے گا۔ دریں اثناء ظفر اکبر بٹ نے تحریک حریت جموں وکشمیر کے جنرل سیکرٹری محمد اشرف صحرائی کے گھر جاکر انکی والدہ نسبتی کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔