نوجوان قوم وملک کاسرمایہ ہیں ،معیاری تعلیم کے مواقع فراہم کرکے قومی خدمت کیلئے تیار کرنا ترجیحات میں شامل ہے،چوہدری عبدالمجید

جمعہ 16 جنوری 2015 16:58

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 جنوری 2015ء) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجیدنے کہا ہے کہ نوجوان قوم وملک کا قیمتی سرمایہ ہیں ان کو معیاری تعلیم کے مواقع فراہم کرکے قومی خدمت کے لیے تیار کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ پی ایس ایف اور پی وائی او نے مشکل حالات میں بھی پارٹی کی مضبوطی کے لیے اہم کردار ادا کیا۔

تعلیم ،صحت اور سیکورٹی کے شعبہ میں سینکڑوں اسامیاں پیدا ہوں گی جنہیں پبلک سروس کمیشن کے ذریعے پر کیا جائے گا نوجوان روزگار حاصل کرنے کیلئے مقابلے کے امتحانات کی تیاری کریں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی تسلط کے خلاف کشمیری نوجوان تاریخی جنگ لڑ رہے ہیں ۔وہ جمعہ کے روز پی وائی او مظفرآباد کے عہدیداروں اور کارکنوں سے گفتگو کررہے تھے جنہوں نے تنظیم کے سٹی صدر خرم چوہدری اور سٹی جنرل سیکرٹری نزاکت عباسی کی قیادت میں ان سے ملاقات کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے میڈیا ایدوائزر شوکت جاوید میر اور پی آر او راجہ سعد اقبال بھی موجود تھے ملاقات میں پی وائی او مظفرآباد سٹی کے عہدیداروں نے وزیراعظم کو پی وائی او کی پارٹی کی مضبوطی اور اسے مزید فعال بنانے کے لیے سرگرمیوں سے آگاہ کیا اور نوجوانوں کے بے روزگاری کے حوالے سے اپنے مسائل بھی بتائے۔وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے پارٹی کو متحرک بنا کرعوام کے مسائل حل کرنے میں کردار ادا کرنے پر پی وائی او کے نوجوانوں کی پارٹی خدمات کو سراہااور انھیں یقین دہانی کرائی کہ آزادکشمیر میں پیپلزپارٹی کی حکومت اپنے انتخابی منشور کے مطابق عوام کی خدمت کے لیے بھرپور کردار ادا کررہی ہے انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی پڑھائی پر بھرپور توجہ دینے کے ساتھ ساتھ بھٹو ازم کے لیے مزید فعال ہوجائیں پارٹی ان کی مکمل سرپرستی جاری رکھے گی ۔

وزیراعظم نے کہاکہ جلد ہی تعلیم اور صحت کے علاوہ سکیورٹی کے شعبہ میں سینکڑوں نئی آسامیاں تخلیق ہورہی ہیں جن پر قابل اور اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں کی ضرورت ہوگی۔ تمام تقرریاں میرٹ کے مطابق مقابلے کے امتحان کے ذریعہ ہی عمل میں لائی جائیں گی اس لیے سخت محنت کریں۔ وزیراعظم نے کہاکہ اس وقت بے روزگاری ملکی ہی نہیں بلکہ ایک بین الاقوامی چیلنج بن چکی ہے اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے ہماری حکومت نے آزادکشمیر کے اندر طبی ،فنی ،انجینئرنگ،زرعی اور دیگر شعبوں کی معیاری تعلیم کے لیے اعلیٰ تعلیمی ادارے قائم کیے ہیں اور مزید بھی قائم کیے جائیں گے۔

اس موقع پر وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے مقبوضہ کشمیر کے اندر بھارتی تسلط کے خلاف برسرپیکار کشمیری نوجوانوں کی جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہوئے کہاکہ کشمیری نوجوانوں نے جس طرح بھارتی مظالم کو چیلنج کررکھا ہے تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی۔بھارت ان نوجوانوں کی جدوجہد کو ختم کرنے کیلئے بندوق کے علاوہ کالے قوانین کا سہارا لے رہا ہے ۔

وزیراعظم نے گزشتہ سال مقبوضہ کشمیر میں تباہ کن سیلاب کے بعد بحالی کے کاموں میں نوجوانوں کے کردار کو سراہا ۔آخر میں وزیراعظم نے مظفرآباد میں یوتھ کے مسائل کے حل کیلئے ضلع مظفرآباد سے تعلق رکھنے والے وزراء کرام اور پی وائی او کے نمائندوں کا اجلاس بلانے کی بھی ہدایت کی تاکہ پی وائی او کے کارکنوں کی شکایات کا ازالہ کرنے کیلئے مزید اقدامات کیے جاسکیں۔

متعلقہ عنوان :