دھابیجی پمپنگ ہاؤس پر بجلی کا شٹ ڈاؤن پانی کی مزید قلت کا سبب بن رہا ہے،ایم ڈی واٹر بورڈ

جمعہ 16 جنوری 2015 17:24

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 جنوری 2015ء) منیجنگ ڈائریکٹر کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ سید ہاشم رضا زیدی نے کہا ہے کہ دھابیجی پمپنگ ہاؤس پر بجلی کا شٹ ڈاؤن پانی کی مزید قلت کا سبب بن رہا ہے لہٰذا شہر یوں کو پانی کی فراہمی کے لئے بجلی کا شٹ ڈاؤن ختم کیاجائے کیو نکہ واٹر بورڈ کے اہم ترین دھابیجی پمپنگ ہاؤس پر بجلی کی بار بار عدم فراہمی اور وولٹیج میں کمی بیشی (Fluctuation) کے نتیجہ میں نہ صرف دھابیجی کے فراہمی آب کے سسٹم پر شدید دباؤ ہے بلکہ کراچی میں شہریوں کو پانی کی فراہمی میں بھی شدیددشواری لاحق ہے ،ایم ڈی واٹر بورڈ نے بجلی کی بار بار بندش پر توجہ مبذول کرانے کے لئے چیف ایگزیکٹو آفیسر کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی ( کے۔

الیکٹرک)کو بذریعہ خط آگاہ کیا ہے کہ کے۔

(جاری ہے)

الیکٹرک کی جانب سے دھابیجی پمپنگ ہاؤس پر بجلی کے بار بار شٹ ڈاؤن سے پانی کی فراہمی شدید متاثر ہو رہی ہے ،کے۔الیکٹرک نے 14جنور ی کو 4 گھنٹے دھابیجی پمپنگ ہاؤس کی بجلی سالانہ مرمت کی غرض سے بند کر نے کی اطلاع دی لیکن بجلی 4 گھنٹے کی بجائے 11 گھنٹے بند رہی جس کے نتیجہ میں 25% پانی فراہم نہ کیاجاسکا اور اس دوران 125 ملین گیلن پانی کی قلت ہوئی ،دھابیجی پمپنگ ہاؤس جو ایشیاء کا سب سے بڑا پمپنگ کمپلیکس ہے ،جہاں ہیوی الیکٹریکل مو ٹریں چلائی جاتی ہیں ،فراہمی آب کے لئے اس کی اہمیت دل کی طرح ہے کیونکہ یہ بلک پانی کی فراہمی کا منبع ہے ،جس کے لئے بجلی کی تسلسل سے فراہمی لازمی ہے،اسے یقینی بنانے کے لئےdedicated پاور فیڈر کی تنصیب ضروری ہے کیو نکہ دو کروڑ کی آبادی کے شہر کو 1000 ملین گیلن پانی کی بجائے صرف 500ملین گیلن پانی فراہم کیاجارہا ہے،جو ضرورت کا نصف ہے ،بجلی کی عدم فراہمی اور شٹ ڈاؤن سے فراہمی آب کا پورا سسٹم شدید دباؤ کا شکار ہو رہاہے اور شہر میں پانی کی فراہمی بھی شدید متاثر ہورہی ہے ،اور پانی کی قلت سے شہری متا ثر ہو رہے ہیں ،لہٰذا دھابیجی پمپنگ ہاؤس کو کے۔

الیکٹرک بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنائے اور شٹ ڈاوٴن کیا جائے ،ایم ڈی واٹر بورڈ سید ہاشم رضا زیدی نے CEO کے۔ الیکٹرک کی خصوصی توجہ اس جانب بھی مبذول کرائی ہے کہ شہر یوں کو 500ملین گیلن پانی کی فراہمی کو ممکن بنانے کے لئے کے۔الیکٹرک فوری اور مثبت حکمت عملی پر عمل کرکے دھابیجی کو بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائے تاکہ شہر یوں کو پانی کی قلت کا سامنا نہ کر نا پڑے ،انہوں نے توقع ظاہر کی ہے کہ کے۔

الیکٹرک اس ذمہ داری کو پورا کرے گا،خاص طور پر دھابیجی اور دیگرپمپنگ ہاؤسز پر بجلی بلا تعطل فراہم کی جائے گی،واضح رہے کہ اس خط کی کاپیاں چیف سیکریٹری حکو مت سندھ،صوبائی وزیر بلدیات اطلاعات و چیئرمین واٹر بورڈ ،پرنسپل سیکریٹری گورنر سندھ،پرنسپل سیکریٹر ی وزیر اعلیٰ سندھ ،سیکریٹری لو کل گورنمنٹ سندھ،سیکریٹری پاور اینڈ انرجی سندھ اور کمشنر کراچی کو بھی بھیجی گئی ہیں ۔

متعلقہ عنوان :