گستاخانہ خاکوں کی اشاعت روکنے کیلئے اقوام متحدہ کے ذریعے قانون سازی کرائی جائے ،حرکتیں دنیا کا امن تباہ کرنے کی سازش ہیں،مفتی صدیق قادری

مسلمان نبی ﷺ کی حرمت پر جانیں قربان کر سکتے ہیں ،توہین کسی صورت برداشت نہیں کر سکتے، امیر جماعت اہلسنت بلوچستان

جمعہ 16 جنوری 2015 17:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 جنوری 2015ء) امیر جماعتِ اہلسنت بلوچستان پیر طریقت شیخ الحدیث مفتی محمد صدیق قادری جمعتہ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گستاخانہ خاکوں کی دوبارہ اشاعت دنیا بھر کا امن و امان تباہ کرنے کی سوچی سمجھی سازش ہے مسلمان اپنے نبی ﷺ کی حرمت پر اپنی جانیں قربان کر سکتے ہیں لیکن توہین کسی صورت برداشت نہیں کر سکتے ۔

تمام مسلمان ممالک کے سربراہان اقوامِ متحدہ اور یورپی یونین پر زور ڈالیں تاکہ کوئی ایسا قانون پوری دنیا میں نافذ ہو سکے کہ جس میں تمام عظیم ہستیوں کی توہین قابل سزا جرم ہو اور اس جرم کی سختی سے روک تھام ہو سکے ایسی ناپاک حرکتیں آزادیٴ اظہار نہیں ہیں ۔ یورپی ممالک ہولو کاسٹ کی بحث کو جرم قرار دیں اور اس پر بات کرنے والے کیلئے سزائیں مقرر ہوں لیکن انسانیت کی معراج حضرت محمد ﷺ کے گستاخانہ خاکے شائع کیئے جائیں تو اظہار ِ رائے کی آزادی۔

(جاری ہے)

اب یہ دوہرا معیار نہیں چلے گا اگر د نیا میں امن کی فضاء برقرار رکھنا چاہتے ہیں تو ان حرکتوں سے باز آنا ہوگا انہوں نے کہا کہ اس طرح کے گستاخ اخبارات اور جریدوں پر پابندی عائد کی جائے کیونکہ یہ اپنی ناپاک حرکتوں سے دنیا کا امن برباد کرنے پر تلے ہیں اصل میں یہ گھناوٴنی سازش اسلام کے خلاف ہے تاکہ پھر کوئی حادثہ رونما ہو اور پھر اس حادثے کو بنیاد بنا کر اسلام اور مسلمانوں کو دہشتگرد و انتہا پسند ثابت کیا جا سکے امتِ مسلمہ کو ان سازشوں کا مل کر مقابلہ کرنا ہو گا ۔