چیئرمین اوگرا سعید احمد خان کا پٹرول کا 20 دن ذخیرہ نہ رکھنے والی کمپنیوں کو نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ،

پٹرول کی طلب میں 26 فیصد اضافہ ہو گیا ہے ،ممکن ہے سی این جی پٹرول سے مہنگی ہو جائے ،تیل بحران ختم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے ،پٹرول کی اضافی قیمت وصول کرنیوالوں کیخلاف چھاپے مارے جا رہے ہیں ،قانون کے مطابق کارروائی کی جائیگی،میڈیا سے گفتگو

جمعہ 16 جنوری 2015 22:25

چیئرمین اوگرا سعید احمد خان کا پٹرول کا 20 دن ذخیرہ نہ رکھنے والی کمپنیوں ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16جنوری۔2015ء) چیئرمین اوگرا سعید احمد خان نے پٹرول کا 20 دن ذخیرہ نہ رکھنے والی کمپنیوں کو نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پٹرول کی طلب میں 26 فیصد اضافہ ہو گیا ہے ممکن ہے سی این جی پٹرول سے مہنگی ہو جائے تیل بحران کو ختم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے پٹرول کی اضافی قیمت وصول کرنیوالوں کیخلاف چھاپے مارے جا رہے ہیں قانون کے مطابق کارروائی کی جائیگی ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پٹرول کا 20 دن ذخیرہ نہ رکھنے والی کمپنیوں کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔ 23 شہروں میں آئل مارکیٹنگ کمپنیاں 20 دن تیل کا ذخیرہ نہیں رکھ رہیں۔ انہوں نے کہاکہ تیل بحران کو ختم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے پٹرول کی اضافی قیمت وصول کرنیوالوں کیخلاف چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

تیل کی رسد اور طلب ان کے اختیار میں نہیں اور نہ ہی جی ایس ٹی میں 5 فیصد اضافے کا اوگرا سے تعلق ہے۔

اوگرا مخصوص فارمولے کے تحت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین کرتا ہے۔ چیئرمین اوگرا نے کہا کہ مہنگی ایل پی جی فروخت کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔ ایل پی جی کی پالیسی براہ راست اوگرا کے کنٹرول میں نہیں ہے۔ ایل پی جی کے حوالے سے غیر قانونی سرگرمیاں روکنا صوبوں کی ذمہ داری ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے مطابق مختلف لوگوں کو جرمانے کئے ہیں۔ 20 ایل پی جی کمپنیوں کو اڑھائی لاکھ روپے فی کس جرمانہ کیا جا چکا ہے۔