محکمہ تعلیم اور ضلعی انتظامیہ مل کر تعلیمی اداروں کی سکیورٹی بہتر بنانے میں مصروف عمل ہیں‘ بلال یاسین

ہفتہ 17 جنوری 2015 16:19

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 جنوری 2015ء) صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے کہا ہے کہ وزیراعلی محمد شہباز شریف تعلیمی اداروں کی سکیورٹی بہتر بنانے کے انتظامات کی خود نگرانی کررہے ہیں، صوبہ بھر کے تعلیمی اداروں کی سکیورٹی کو فول پروف بنایا گیا ہے جس سے والدین وطالب علموں کو نیا اعتماد و حوصلہ ملا ہے۔یہ بات انہوں نے اسلامیہ کالج کوپر روڈ برائے خواتین ،اسلامیہ کالج ریلوے روڈ برائے بوائز اور سنٹر ماڈل سکول لوئر مال اور کیتھڈرل سکول کے اچانک دورہ کے دوران اساتذہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

ان کے ہمراہ ای ڈی او ایجوکیشن،اے سی صدر لاہوراور دیگر افسران بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر کو کالج انتظامیہ نے بتایا کہ دہشت گردی کے کسی بھی ممکنہ واقع سے نمٹنے کے لئے حفاظتی انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

مین گیٹس پر واک تھرو گیٹس،میٹل ڈی ٹیکٹرز سے مکمل تلاشی،سی سی ٹی وی کیمرے کے ذریعے چیکنگ ، کنٹرول روم کا قیام،سکیورٹی گارڈز کو بھی تعینات کر دیا گیا ہے۔

صوبائی وزیر نے اسلامیہ کالج ریلوے روڈ کے پرنسپل کو ہدایت کی کہ ہنگامی صورتحال میں سائرن کے لئے فوری طور پر جنریٹرز کا انتظام کریں۔انہوں نے موقع پر موجود طلباء سے حفاظتی انتظامات بارے معلومات حاصل کیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومتی اقدامات سے تعلیمی اداروں کی سکیورٹی کو فول پروف بنایا گیا ہے اور ا س سلسلے میں وزیراعلی خود سیکورٹی انتظامات کی نگرانی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم اور ضلعی انتظامیہ مل کر تعلیمی اداروں کی سکیورٹی بہتر بنانے میں مصروف عمل ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے وضع کردہ ہدایت پر پر من وعن عملدرآمد کرایا جائے اور اس میں غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :