زرعی یونیورسٹی فیصل آباد نے وزیراعلیٰ پنجاب کی طرف سے پی ایچ ڈی طلبہ کیلئے اوورسیزسکالرشپس کیلئے میدواروں سے درخواستیں طلب

ہفتہ 17 جنوری 2015 19:08

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 جنوری 2015ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد نے وزیراعلیٰ پنجا ب شہباز شریف کی طرف سے پی ایچ ڈی طلبہ کیلئے جاری کئے گئے300اوورسیزسکالرشپس کے پہلے مرحلے میں پچاس پی ایچ ڈی وظائف کیلئے اُمیدواروں سے درخواستیں طلب کر لی ہیں۔ یونیورسٹی کے نیو سنڈیکیٹ ہال میں ڈینز کمیٹی کے غیرمعمولی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ 1961ء میں یونیورسٹی قائم کرتے وقت 100سکالرشپس سے ملک کے اندرزرعی ترقی کیلئے بنیادی کام کیا گیا جس کی وجہ سے تمام زرعی اجناس کی پیداوار میں اضافہ سے آج 20کروڑ آبادی کی غذاء سمیت ‘ پروٹین‘ پھل ‘ سبزیوں اور گوشت کی ضروریات پوری ہورہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں بی ایس سی (آنرز) کے تبدیل شدہ ایڈمشن پروگرام کا اعلان کر دیا گیا ہے جس سے اُمیدواروں کو انٹرمیڈیٹ کے نتائج کا انتظار کئے بغیرمیٹرک نمبروں کی بنیادمشروط داخلہ دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں زیرتعلیم پی ایچ ڈی طلبہ پیشہ وارانہ اُمور میں متنوع مشاہدہ و تجربہ کیلئے دوسرے متعلقہ شعبہ جات میں اپنا تحقیقی کام مکمل کر سکیں گے جس سے ان کی معلومات میں اضافہ اور زاویہ نگاہ مزید کشادہ ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ یونیورسٹی میں گزشتہ پانچ برسوں کے دوران طلبا ء و طالبات کی سہولت اور بیرون ممالک پی ایچ ڈی کیلئے خاطر خواہ کاوشیں بروئے کار لائی گئی ہیں یہی وجہ ہے کہ آج سنٹر فار ایگری کلچراینڈ فوڈ سیکورٹی اور کنفیوشش سنٹر میں باصلاحیت طلباء وطالبات کیلئے بیرون ملک تعلیم کے سینکڑوں سکالرشپس دستیاب ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ضلعی انتظامیہ کی ہدایت کے مطابق سنگل انٹری پوائنٹ کے ساتھ ساتھ مجموعی سیکورٹی کی صورتحال میں بہتری کیلئے ڈسٹرکٹ انتظامیہ اور پولیس کی مدد سے ضروری اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں ۔