نوجوان پاکستان کا روشن مستقبل ہیں،گورنر سندھ،

جہالت کے خاتمے ، تعلیم عام کرنے اور اطلاعات کے حصول و رسائی میں نوجوان اہم کردار ادا کرسکتے ہیں،یوتھ کنونشن سے خطاب

ہفتہ 17 جنوری 2015 19:24

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 جنوری 2015ء) نوجوان پاکستان کا روشن مستقبل ہیں جہالت کے خاتمے ، تعلیم عام کرنے اور اطلاعات کے حصول و رسائی میں نوجوان اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے ایف ٹی سی آڈیٹوریم میں یوتھ پارلیمنٹ اورحکومت سندھ کے محکمہ امور کھیل اور نوجوانان کے زیر اہتمام "یوتھ کنونشن2015 " بعنوان "Hopes & Challenges"سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ نوجوان معاشرے میں مسائل کی نشاندہی کریں یقین دلاتا ہوں میں آپ کے ساتھ چلوں گا اور جو ہوسکے گا کرنے کی کوشش کروں گا یہ ہمارے دین کی بھی تعلیم ہے کہ برائیوں کا ہر صورت خاتمہ کیا جائے گورنر سندھ نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان ملکی ترقی میں بھرپور حصہ لیں اور اپنی اونر شپ دیں۔

(جاری ہے)

کنونشن سے سینیٹر عبدالحسیب خان ، رکن صوبائی اسمبلی ناصر حسین شاہ، مسلم لیگ (ق) کے صوبائی صدر حلیم عادل شیخ، سیکرٹری اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز لئیق احمد، سی پی ایل سی کے چیف احمد چنائے، کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی، معروف سماجی کارکن انصار برنی نے بھی خطاب کیا۔

گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان جو یوتھ پارلیمنٹ کے چیف پیٹرن بھی ہیں نے کہا کہ دنیا میں پاکستان واحد ملک ہے جہاں کی زیادہ تر آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، جسے ہم سرمایہ بنائیں گے۔ ہمارے یہاں ترقی کی گنجائش بہت ہے ۔نوجوانوں کی وجہ سے ہمیں پر امید ہونا چاہیے جو کہ وقت پڑنے پر ملک کے لیے جان دینے اور مشکلات میں کام کرنے کا حوصلہ اور عزم رکھتے ہیں۔

اس موقع پر یوتھ پارلیمنٹ کے بانی و چیئرمین رضوان جعفرنے سال دوہزار چودہ میں پاکستان کے نام کامیابیوں کا سہرا باندھنے والے ان نوجوانوں کے لیے جنھوں نے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا ایک پریزنٹیشن پیش کی اور ان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہری کی یہ نوجوان 2015میں بھی اپنی کامیابیوں کا سفر جاری رکھیں گے اور ملک کا نام روشن کریں گے۔

متعلقہ عنوان :