چھچھ اٹک ،پنجاب بھر میں سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کے سیکورٹی اقدامات کے معائنہ کیلئے ہر وزیر کو دو اضلاع جبکہ ہر سیکریٹری کو ایک ایک ضلع سونپ دیا گیا

ہفتہ 17 جنوری 2015 22:06

چھچھ اٹک (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 جنوری 2015ء) پنجاب بھر میں سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کی سیکورٹی اقدامات کا معائنہ جات کیلئے ہر وزیر کو دو اضلاع جبکہ ہر سیکریٹری کو ایک ایک ضلع سونپ دیا گیا، سیکیورٹی اقدامات پورے نہ کرنے والے تعلیمی اداروں کو سیل کر کے مالکان کے خلاف سخت ترین تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائے گی،محکمہ داخلہ حکومت پنجاب کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کی مکمل پاسداری کیلئے سکولوں کے سربراہان کو احکامات جاری کر دئیے گئے، یہ بات صوبائی سیکرٹری اوقاف و مذہبی امور شہریار سلطان نے ضلع اٹک کے تعلیمی اداروں کے سیکورٹی اقدامات کا جائزہ کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئی بتائی، انہوں نے کہا کہ طلبا و طالبات قوم کا اثاثہ ہیں اور مستقبل کے معمار ہیں ان کی حفاظت کے لیے حکومت ہر ممکن قدم اٹھا رہی ہے، سیکر ٹری اوقاف و مذہبی امور نے کہا کہ تعلیمی اداروں کے نام پر اسلحہ رکھنے کی اجازت دے دی گئی ہے جو حفاظتی اقدامات میں موثر ثابت ہوگا۔

(جاری ہے)

شہر یا ر سلطان نے کہا کہ صوبائی وزیر معدنیات چودھری شیر علی کو صوبہ پنجاب کے دو اضلاع اٹک اور خوشاب دیے گئے ہیں اور وہ اس وقت ان دونوں اضلاع کے تعلیمی اداروں کے حفاظتی اقدامات کا جائزہ لے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ان کا ضلع بھر کے تعلیمی اداروں کے حفاظتی اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے دورہ جاری ہے۔اس ضمن میں ڈی سی او اٹک کی زیر صدارت مختلف ضلعی اور تحصیل کمیٹیاں بھی بنا دی گئی ہیں جو تعلیمی اداروں کی سیکورٹی کو چیک کررہی ہیں۔

تعلیمی اداروں کو یہ ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کریں اور اس کے مطابق اپنے اداروں کی سیکورٹی کو یقینی بنائیں۔ صوبائی سیکریٹری اوقاف و مذہبی امور شہر یار سلطان نے کہا کہ ضلع بھر کے تعلیمی اداروں کو کیٹگری اے پلس ، کیٹگری اے اورکیٹگری بی میں تقسیم کیا گیا ہے اور مانیٹرنگ ٹیمیں تعلیمی اداروں کا سخت ترین سیکورٹی آڈٹ کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عسکری اداروں کی زیر نگرانی چلنے والے تعلیمی اداروں کی سیکورٹی عسکری حکام کے ساتھ مل کر انتہائی سخت کردی گئی ہے اور اس کی روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیا جارہا ہے۔

اس کے علاوہ دیگر تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں بھی حکومت پنجاب کی جانب سے جاری ضابطہ اخلاق کے مطابق انتظامی اقدامات کیے جارہے ہیں ۔ انہوں نے ضلع بھر کے تعلیمی اداروں کی سیکورٹی کی مجموعی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :