بھارت غیر کشمیریوں کو مقبوضہ علاقے میں آباد کرنے کا منصوبہ ترک کر کے تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے سنجیدہ اقدامات کرے، میر شاہد سلیم،

بھارتیہ جنتا پارٹی جموں کشمیر کی مسلم شناخت کو نقصان پہنچانے کی مذموم سازش پر عمل پیرا ،ہے،کشمیری مذموم ارادے ناکام بنا دینگے، اجلاس سے خطاب

ہفتہ 17 جنوری 2015 23:20

جموں (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 جنوری 2015ء) جموں وکشمیر پیپلز موؤمنٹ نے کہا ہے کہ بھارت غیر کشمیریوں کو مقبوضہ علاقے میں مستقل رہائشی حقوق دینے کے مذموم منصوبے کو ترک کر کے تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے سنجیدہ اقدامات کرے۔ پیپلز موؤمنٹ کے رہنماء میر شاہد سلیم نے راجوری میں پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی جموں کشمیر کی مسلم شناخت کو نقصان پہنچانے کی مذموم سازش پر عمل پیراہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اب تک بھارتی ریاستوں کے ہزاروں شہریوں کو مقبوضہ علاقے میں بسایا جاچکا ہے اور انہیں راشن کارڈ اور دیگر مراعات دیئے گئے ہیں۔ میر شاہد سلیم نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی ہندو انتہاء پسند جماعت راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ کے جموں وکشمیر کے بارے میں خطرناک اور ناپاک منصوبوں کو روبہ عمل لانے کیلئے سرگرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے جسے کے سیاسی مستقل کا فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری تحریک آزادی کیخلاف بھارت کے مذموم ارادوں کو ناکام بنا دینگے ۔ اجلاس سے حاجی مقبول احمد، محمدشفیع، نثارحسین اور ایڈووکیٹ مشتاق احمد نے بھی خطاب کیا۔