فرانس سمیت یورپی ممالک آزادی اظہار کے نام پر مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنے سے گریز کریں، عبدالسلام بٹ

پیر 19 جنوری 2015 17:12

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 جنوری 2015ء)آزادکشمیر کے وزیر سیاحت وشہری دفاع عبدالسلام بٹ نے کہاہے کہ فرانس سمیت یورپی ممالک آزادی اظہار کے نام پر مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنے سے گریزکریں ،انتہاپسندانہ حرکات سے انتہاپسندی ہی جنم لیتی ہے وہ مذہب کے معاملات ہوں یا آزادی سے متعلق جذبات،اوآئی سی مسلم دنیا کے خلا ف یہودیوں کی سازش کو بے نقاب کرتے ہوئے توہین رسالت کے بڑھتے ہوئی صورت حال کے خاتمے کے لیے اپنا کردار اداکرے ۔

یہاں علماء کرام کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مذہب کے حوالے سے توہین آمیز خاکوں کی مسلسل اشاعت نے پوری دنیا میں مسلمانوں اور مذہب سے لگاو رکھنے والوں کے جذبات مجروح کیے ہیں ۔اس صورت حال کا تقاضا ہے کہ مسلمان اپنے کردار میں اتنی پختگی اور ہمت پیداکریں کہ کوئی اس طرح کی جرات نہ کرسکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ہمیں اپنے عمل اور دلیل کی بنیا د پر یورپ پر یہ ثابت کرنا ہے کہ مذہب او رانبیاء کی توہین کسی طور درست اقدام نہیں اور اس طرح کے دیگر اقدامات جن سے کسی کی دل آزاری ہو،آزادی صحافت ہے نہ آزادی اظہار کے زمرے میں آتی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ خاکوں کی اشاعت کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ،اوآئی سی کے رکن ممالک کو اس صورت حال کے تدارک کے لیے اپنا کردار اداکرنا ہوگا۔