خانیوال، سرائے سدھو پولیس نے نقدی، موٹر سائیکل، موبائل چھیننے والے گروہ کے سرغنہ کو دو ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا

پیر 19 جنوری 2015 22:00

خانیوال (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 جنوری 2015ء ) سرائے سدھو پولیس نے آتشیں اسلحہ کے زورپر کیش، موٹرسائیکل اور موبائل چھیننے والے گینگ کے سرغنہ یٰسین عرف کالی بلی کو دو ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا ۔تین موٹر سائیکل سات موبائل‘نقدی اور خطرناک اسلحہ برآمد۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خانیوال جہانزیب نذیر خان نے اس ضمن میں گذشتہ روز اپنے دفتر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کچھ عرصہ سے یہ گینگ تھانہ سرائے سدھو کے علاقہ میں خطرناک اسلحہ کے زور پر لوگوں سے زبردستی موٹرسا ئیکل ‘نقدی ‘موبائل فون وغیرہ چھین کرروپوش ہوجاتا تھا کچھ روز پہلے منظور حسین سکنہ دندی سرگانہ سرئے سدھو ان کی معمول کی کھلی کچہری میں پیش ہوا اور موقف اختیار کیا کہ کچھ عرصہ قبل وہ اپنی بیوی او بیٹی کے ہمراہ موٹر سائیکل پر فاضل شاہ جارہا تھا کہ اس گینگ نے اسلحہ کے زور پر انہیں روکا اور موٹرسائیکل چھیننے کی کوشش کی۔

(جاری ہے)

مزاحمت پر ملزمان نے اس کی بیوی اور بیٹی کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا جس کا مقدمہ تھانہ سرائے سدھو درج ہوا اور ملزمان مقدمہ میں اشتہاری ہیں لہذا ملزمان کو گرفتار کیا جائے ۔ڈی پی او خانیوال نے بتایا کہ مدعی منظور حسین کی درخواست پر انہوں نے ڈی ایس پی کبیروالہ ریاض شاہد اور ایس ایچ او سرائے سدھو سب انسپکٹر رانا محمد فاروق کو کھلی کچہری میں طلب کرکے گینگ میں ملوث ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کرنے کا ٹاسک دیتے ہوئے گائیڈ لائن بھی دی ۔

ڈی ایس پی کبیروالہ اور ایس ایچ او سرائے سدھو نے گینگ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے تھانہ کے قابل اور محنتی جونےئر پولیس افسران اور جوانوں پر مشتمل ٹیم تشکیل دی ۔ٹیم نے ملزمان کی گرفتاری کیلئے بھرپور محنت کی جس کے نتیجہ میں پولیس نے اس گینگ کے سرغنہ یٰسین عرف کالی بلی ولد خدا بخش موہانہ سکنہ فاضل شاہ کو اپنے دو ساتھیوں جاوید ولد ظہور حسین سدرانہ اور حاجی محمد اقبال سکنہ فاضل شاہ کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا ۔

دوران انٹروگیشن ملزمان نے مدعی ظہور حسین سے واردات کرنے کے علاوہ دیگر وارداتوں کے ارتکاب کا بھی اعتراف کیا ۔ملزمان سے چھینے گئے تین موٹرسائیکل مالیتی 1لاکھ 61ہزار پانچ سو روپے ‘سات عدد موبائل مالیتی 33ہزاراور نقدی مبلغ دو لاکھ دس ہزار روپے بھی برآمد کرلیے ہیں جبکہ ملزمان سے وارداتوں کے دوران استعمال ہونیوالا خطرناک اسلحہ جس میں ایک کلاشنکوف ‘2پسٹل30بور اور درجنوں گولیاں بھی برآمد کرلی ہیں ۔

ملزمان کے خلاف دیگر وارداتوں کے علاوہ ناجائز اسلحہ رکھنے پر علیحدہ علیحدہ مقدمات کا اندراج کرلیا گیا ہے ۔گینگ کی گرفتاری پر تھانہ سرائے سدھو کے مکینوں نے ڈی پی او خانیوال جہانزیب نذیر خان ‘ڈی ایس پی کبیروالہ ریاض شاہد ‘ایس ایچ او سرائے سدھو اور ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مستقبل میں بھی جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کیلئے اسی طرح کی کارکردگی کی توقع ظاہر کی ہے ۔ڈی پی او خانیوال نے گینگ کی گرفتاری پر مامور ٹیم کیلئے تعریفی سر ٹیفکیٹ دینے کا اعلان کیا ہے ۔