22جنوری تک تعلیمی اداروں کے گرد چار دیواری اور خاردار تار لگانے کا حکم جاری،

تعلیمی اداروں کی سیکورٹی حکومت کی اولین ترجیح بن چکی ہے‘صوبائی وزیر زکواة وعشر ملک ندیم کامران

پیر 19 جنوری 2015 23:24

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 جنوری 2015ء ) صوبائی وزیر زکوة وعشر ملک ندیم کامران نے کہاہے کہ تعلیمی اداروں کی سیکورٹی حکومت کی اولین ترجیح بن چکی ہے ۔ حکومت نے تعلیمی اداروں کے گردچاردیواری او رخار دار تاریں لگانے کیلئے 22 جنوری کی ڈیڈلائن دے دی ہے،جس میں غفلت کے مرتکب اداروں کے خلاف انظباطی کاروائی کا عمل شروع کر دیاجائے گا، تعلیمی اداروں میں ایمر جنسی کی صورتحال کے پیش نظر الارم اور سائرن کے علاوہ سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب او رایمر جنسی فون نمبرز کے پینا فلیکس نمایاں مقامات پر آویزاں کرنے کیلئے ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنا یاجارہاہے ، وہ تحصیل سلانوالی او رساہیوال کے زنانہ او رمردانہ کالجوں کے سیکورٹی اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے تعلیمی اداروں کے دورے کے دوران صوبائی وزیر نے کہاکہ تعلیمی اداروں کی سیکورٹی کو یقینی بناکر طلباء کے تحفظ کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات شروع کر دےئے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے تعلیمی اداروں کے گرد آٹھ آٹھ فٹ چار دیواری او رخار دار تاریں لگانے کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کی ۔ انہوں نے کہاکہ اب تک ضلع سرگودہا کے 224 حساس تعلیمی اداروں میں سے 105 تعلیمی اداروں کا معائنہ کر کے حکومت پنجاب کو رپورٹ ارسال کی جاچکی ہے جبکہ بقایا تعلیمی اداروں کی سیکورٹی کے انتظامات کا آئندہ دو روز میں جائزہ لے کر حتمی رپورٹ حکومت کو ارسال کر دی جائے گی۔

علاوہ ازیں انہوں نے ان تعلیمی اداروں میں تعمیر کی جانے والی چاردیواری کی فوری طو رپر تعمیر کے کام کو مکمل کرنے او راستعمال ہونے والے میٹریل کی کوالٹی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنے کی ہدایت کر دی ہے ۔ انہوں نے اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سیکورٹی کیلئے تعمیر ہونے والی چاردیواری کی کوالٹی کی مانیٹرنگ کیلئے ایک کمیٹی قا ئم کر دی گئی ہے ۔

صوبائی وزیر نے مزید بتایا کہ گورنمنٹ ہائر سکینڈری سکول مڈھ رانجھا کی 21 سو فٹ چار دیواری کیلئے 42 لاکھ روپے ریلیز کر دئیے گئے ہیں- انہوں نے کہاکہ تعلیمی اداروں کے سیکورٹی انتظامات کیلئے تعمیراتی کام دن رات کرنے کیلئے ہدایت کی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ کوٹ مومن کے گورنمنٹ برائے خواتین او رگرلز ہائر سکینڈری سکول میں طالبات کے گزرنے کیلئے دونوں اداروں کے درمیان راستہ دینے کیلئے ہدایت کر دی گئی ہے ۔

دریں اثنا صوبائی وزیر نے صبح ڈی سی او سرگودہا کے دفتر میں تعلیمی اداروں میں سیکورٹی کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لینے کے سلسلہ میں ایک اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں صوبائی سیکرٹری انڈسٹریز عارف انور بلوچ کے علاوہ ڈائریکٹر کالجز مہر محمد یوسف ‘ ای ڈی او ایجوکیشن مختار احمد ‘ ڈی ایم او فاروق عزیز حیدر ‘ ایکسین بلڈنگ محمد سلیم او رحسنین علی نے شرکت کی۔