Live Updates

ملک بھر میں تیل کی عدم دستیابی وفاقی حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے،تحریک انصاف

جب تک آزاد اور با اختیار عدالتی کمیشن کے ذریعے انتخابات میں کی گئی دھاندلی کی تحقیقات مکمل نہیں کی جاتیں تحریک انصاف ایوانوں میں واپسی کا ارادہ نہیں رکھتی، کورکمیٹی کے آئندہ اجلاس میں سینٹ انتخابات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاجائیگا،شہر بند کرنے کی ضرورت نہیں ،حکومت نے خود بند کر دیئے ہیں ، پیٹرول بحران کے بعد حکومت کرنے کا جواز نہیں رہتا ، سازش ہے تو حکومت نے اپنے خلاف کی ہے ،شیریں مزاری کی صحافیوں سے بات چیت

پیر 19 جنوری 2015 23:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 جنوری 2015ء) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر شیریں مزاری نے مئی 2013کے انتخابات میں کی گئی دھاندلی کی اعلی عدالتی کمیشن کے ذریعے تحقیقات سے قبل ایوان میں تحریک انصاف کی واپسی کے امکانات کو رد کرتے ہوئے حکومت سے فوری طور پر آزادانہ اور بااختیار عدالتی کمیشن کے قیام کا مطالبہ کیا ہے،شہر بند کرنے کی ضرورت نہیں حکومت نے خود بند کر دیئے ہیں ، پیٹرول بحران کے بعد حکومت کرنے کا جواز نہیں رہتا ، سازش ہے تو حکومت نے اپنے خلاف کی ہے ۔

تیل کی عدم دستیابی کو وفاقی حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے ،جعلی مینڈیٹ کے ذریعے اقتدار پر مسلط ہونے والی حکومت کے خلاف وقت آنے پر بھرپور احتجاج کا بھی اعلان کیا ہے۔

(جاری ہے)

پیر کو تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی صدارت میں کور کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں جوڈیشل کمیشن کے قیام کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا اجلاس میں ملک میں جاری پیٹرول بحران کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اجلاس کے اندر سینیٹ کے ہونیوالے انتخابات میں حصہ لینے یا نہ لینے کے حوالے سے بات چیت ہوئی تاہم فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ کور کمیٹی کے اجلاس میں اس حوالے سے فیصلہ کیا جائیگا ۔

اجلاس کے بعدمیڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پی ٹی آئی کی ترجمان شیریں مزاری نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے شہریوں کو تیل کی عدم فراہمی عوام پر ظلم ہے جس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ زنی کے ذریعے اقتدار میں آنے والی حکومت پوری طرح ناکام ہو چکی ہے اور عوام اس کی نااہلیوں کا خمیازہ بھگت رہے ہیں۔ شیریں مزاری نے کہا کہ کرپشن اور بدعنوانی کی راہ سے عوام پر مسلط حکمران عوام کو بہتر انتظامیہ فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی۔

تحریک انصاف کی قیادت نے عوام پر حکومت کی جانب سے ظلم و ستم کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کی قیادت نے ملک میں تیل کی مصنوعی قلت کے فوری خاتمے اور عوام کو تیل کی فوری فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں تحریک انصاف کی رہنما نے بتایا کہ این اے 124میں مسلم لیگ نواز کی جانب سے کی جانے والی دھاندلی کے شواہد پر مشتمل مزید ایک قرطاس ابیض پیپلز پارٹی کے رہنما اعتزاز احسن کی جانب سے بھی جاری کیا گیا جس سے تحریک انصاف کے دھاندلی کے خلاف موقف کو مزید تقویت ملتی ہے۔

ایوان بالا کے آئندہ ہونے والے انتخابات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات نے بتایا کہ اجلاس میں سینٹ کے انتخابات پر ابتدائی غور کیا گیا تاہم اس حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کور کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں کیا جائے گا۔ ان کے مطابق تحریک انصاف ایوانوں میں واپسی کا ارادہ نہیں رکھتی اور جب تک آزاد اور با اختیار عدالتی کمیشن کے ذریعے مئی 2013کے انتخابات میں کی گئی دھاندلی کی تحقیقات مکمل نہیں کی جاتیں اس حوالے سے پیش رفت خارج ازامکان ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آج کے اجلاس میں سینیٹ کا انتخاب لڑنے کے حوالے سے غیر رسمی بات ہوئی ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا آئندہ کے اجلاس میں اس حوالے سے فیصلہ کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت کہہ رہی ہے کہ پیٹرول بحران پر ان کیخلاف سازش ہوئی ہے تو یہ سازش وہ لوگ خود اپنے خلاف کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار کو قوم سے اتنا جھوٹ نہیں بولنا چاہئے یہ حکومت کی غلطی ہے جسے وہ تسلیم کرے ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا انتخابا ت میں دھاندلی کیخلاف احتجاج جاری ہے حکومت کو پیٹرول بحران کے بعد حکومت کرنیکا جواز نہیں رہتا انہوں نے کہا کہ ہم وقت دیکھ کر سڑکوں پر نکلیں گے ابھی دہشتگردی کیخلاف جنگ جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں شہر بند کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی حکومت نے خود ہی بند کر دیئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ شہید ہوگئے تھے انکے لواحقین کی مدد کرینگے یہ ہمارا فرض اور ذمہ داری ہے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات