زرعی سائنسدان کاشتکاروں کی آمدنی میں اضافہ کے لیے زرعی تحقیق کے عمل کو مزید تیز کریں، سیکرٹری زراعت پنجاب

منگل 20 جنوری 2015 13:28

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 جنوری 2015ء)زرعی سائنسدان کاشتکاروں کی آمدنی میں اضافہ کے لیے زرعی تحقیق کے عمل کو مزید تیز کریں تاکہ زرعی ترقی سے ملک کو معاشی طور پر خوشحال بنایا جا سکے ۔شعبہ گندم کے زرعی سائنسدان سبز انقلاب کے بعد زیادہ پروٹین اور زنک کی حامل گندم کی نئی اقسام متعارف کرائیں اور پاکستانی عوام کو صحت مند غذا کی فراہمی میں اہم کردار ادا کریں۔

ان خیالات کا اظہار سیکرٹری زراعت پنجاب راشد محمود لنگڑیال نے ڈاکٹر عابد محمود ڈائریکٹر جنرل ایگری کلچرریسرچ پنجاب کے ہمراہ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد میں شعبہ گندم کے تحقیقاتی فیلڈ کے معائنہ کے دوران کیا۔انہوں نے زرعی سائنسدانوں پر زور دیا کہ وہ صوبہ کے مختلف علاقوں کی زمینوں کی زرخیزی اور موسمی حالات کو مدنظر رکھ کر ایسی اقسام وضع کریں جس سے کاشتکاروں کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ہوسکے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عابد محمود نے سیکرٹری زراعت پنجاب کو ادارہ کی زرعی تحقیقاتی ترجیحات اور کارکردگی کے بارے میں آگاہ کیااورمختلف فصلوں کے مستقبل کے لائحہ عمل کے بارے تفصیلی آگاہی فراہم کی۔ انہوں نے موسمی تغیرات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ گلوبل وارمنگ کے باعث پاکستان میں درجہ حرارت میں اضافہ ہو رہا ہے جس کا مقابلہ کرنے کے لیے گندم کی ایسی اقسام تیار کی جارہی ہیں جو زیادہ گرمی کو برداشت کرنے کے ساتھ کم پانی کے استعمال سے فی ایکڑ زیادہ پیداوار دے سکیں گی۔

ڈاکٹر مخدوم حسین ڈائریکٹر زرعی تحقیقاتی ادارہ گندم نے سیکرٹری زراعت کو ادارہ میں سبز انقلاب سے پہلے سبز انقلاب کے وقت اور اب تک ہونے والی تحقیقی سرگرمیوں بارے تفصیلی بریفنگ دی ۔ انہوں نے بتایا کہ گندم اور اس کی مختلف مصنوعات کا ملکی جی ڈی پی میں حصہ 2.2فیصد ہے ۔امسال پنجاب میں گندم کا پیداواری ہدف 1.95ملین ٹن مقرر کیا گیا ہے زرعی سائنسدانوں اور کاشتکاروں کی مشترکہ کاوشوں سے بآسانی حاصل کرلیا جائے گا۔

ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کے شعبہ گندم نے ادارہ کے قیام سے اب تک گندم کی 78سے زائد اقسام متعارف کروائی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ شعبہ گندم میں بین الاقوامی اداروں سمٹ اور اکارڈا کے اشتراک سے گلوبل وارمنگ کے منفی اثرات سے نپٹنے کے لیے تجربات شروع کئے گئے ہیں۔سیکرٹری زراعت پنجاب نے ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کے مختلف شعبہ جات کا دورہ بھی کیا اور ان شعبوں میں جاری تحقیقی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔