7شادیاں کرنے والی خاتون نے کامیاب شادی شدہ زندگی کادلچسپ راز بتا دیا

منگل 20 جنوری 2015 16:51

7شادیاں کرنے والی خاتون نے کامیاب شادی شدہ زندگی کادلچسپ راز بتا دیا

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20جنوری2015ء) شادی شدہ زندگی اکثر نوجوان جوڑوں کی توقعات سے زیادہ مشکل اور مختلف ثابت ہوتی ہے اور اس میں ابتدائی خوشیوں کے بعد متعدد غم بھی آ جاتے ہیں۔ ہر شادی شدہ جوڑا یہ رہنمائی چاہتا ہے کہ خوشگوار ازدواجی زندگی کا راز کیا ہے اور برطانوی خاتون اینجلا کہتی ہیں کہ انہیں یہ راز معلوم ہے۔ خوشگوار ازدواجی زندگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے اینجلا نے ایک ٹی وی شو میں بتایا کہ وہ پچھلے 42 سال میں سات مختلف خاوندوں کے ساتھ زندگی گزار چکی ہیں اور اس نتیجہ پر پہنچی ہیں کہ آپ کا شریک حیات ہمیشہ بدلتا رہتا ہے اور اس تبدیلی کے ساتھ مطابقت اختیار کرنا ہی کامیاب ازدواجی زندگی کا اصل راز ہے۔

وہ وضاحت کرتے ہوئے بتاتی ہیں کہ دراصل وہ پچھلے 42 سال میں ایک ہی شخص کی بیوی رہی ہیں لیکن ان کے خاوند میں اتنے بدلاﺅ آئے کہ انہیں لگتا کہ وہ سات یا اس سے زائد مختلف مردوں کے ساتھ ازدواجی زندگی گزار چکی ہیں۔

(جاری ہے)

اینجلا نے بتایا کہ جب وہ بطور صحافی ملازمت کیلئے نیدرلینڈز گئیں تو اولی سے ملاقات ہوئی جو ایک منچلا لڑکا تھا۔ بعد ازاں جب وہ انگلینڈ آئے تو وہ ایک دیہاتی نوجوان محسوس ہونے لگا۔

پھر ان کے درمیان اختلافات اور لڑائیاں بھی رہیں لیکن بچے کی پیدائش کے بعد وہ بہت خیال رکھنے والا والد اور شوہر ثابت ہوا، پھر اس کا نہایت شفیق روپ اس وقت سامنے آیا جب وہ اینجلا کے بوڑھے باپ کو اپنے ساتھ رہنے کیلئے لے آیا۔ اگرچہ ایک دفعہ پھران کے اختلافات ہوئے مگر جب ان کے بیٹے کے ہاں اولاد پیدا ہوئی تو ایک دفعہ پھر وہ ایک شفیق دادا اور محبت کرنے والے شوہر بن گئے۔ اینجلا کہتی ہیں کہ آپ کا شریک حیات یونہی ساری زندگی بدلتا رہتا ہے اور کامیابی اسی میں ہے کہ آپ ثابت قدم رہیں اور تبدیلی کے ساتھ خود کو بدلیں۔