بھارتی وزیراعظم مقبوضہ کشمیر میں معاملات الجھا کر نئی مہم جوئی شروع کرنیوالے ہیں،سردار محمد یعقوب خان

منگل 20 جنوری 2015 17:02

راولا کوٹ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 جنوری 2015ء) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار محمد یعقوب خان نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی مقبوضہ کشمیر میں معاملات کو الجھا کر نئی مہم جوئی شروع کرنے والے ہیں ۔ کشمیری قوم اور پاکستان کے عوام کو حالات پر گہری نظر رکھنی ہوگی۔ عالمی برادری بھی حالات کو مانیٹر کرے بھارت کے نئے حکمرانوں کے توسیع پسندانہ عزائم کی وجہ سے خطے میں ایٹمی جنگ کے امکانات بڑھتے جارہے ہیں ۔

آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا بیان کہ مسئلہ کشمیرکے پرامن حل تک جنوبی ایشیا میں دیر پا امن قائم نہیں ہوسکتا ۔ کشمیری قوم کیلئے حوصلہ افزا ہے جس پر ہم افواج پاکستان کے شکر گزار ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز یہاں کہوکوٹ میں عوامی اجتماع اور کھائیگلہ میں کیبل آپریٹر ز ایسوسی ایشن پونچھ ڈویژن کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔

(جاری ہے)

صدرآزاد کشمیر نے کہا کہ ریاست میں کام کرنے والے کیبل آپریٹرز اپنی ذمہ داری سمجھیں کہ وہ جو کچھ لوگوں کو گھروں میں دکھار ہے ہیں وہ اسلامی اقدار ، کشمیری تہذیب و ثقافت کے برعکس تو نہیں۔ ہر کیبل آپریٹر معمول بنا لے کہ وہ روزانہ مسئلہ کشمیر اور تحریک آزادی سے متعلقہ پروگرام بھی دکھائے گا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ہم کیبل آپریٹر ز کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ضروری اقدامات کریں گے۔

کہوکوٹ میں اجتماع عوام سے خطاب کرتے ہوئے صدر سردار یعقوب نے کہا کہ لوڈشیڈنگ کے حوالے سے عوامی شکایا ت درست ہیں۔ آزاد کشمیر میں 18سے 20گھنٹے لوڈشیڈنگ کے ذمہ دار بعض نااہل وفاقی وزراء ہیں ۔ جنہیں ہم بارہا بتا چکے ہیں کہ آزاد کشمیر میں بجلی کی مجموعی ضرورت صرف ساڑھے تین سے چار سو میگا واٹ ہے ۔ جبکہ آزاد کشمیر میں دو ہزار سے 2500میگا واٹ سستی بجلی پیدا ہوتی ہے۔

اگر اس میں سے تین سو میگاواٹ مختص کر کے آزادکشمیر کو لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ کردیا جائے تو کیا فرق پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان اس حوالے سے یقین دہانی کراچکے ہیں ۔ لیکن واپڈا کے وزراء بیورو کریسی کے سامنے بے بس ہیں ۔ وہ اپنے وزیراعظم کے وعدے پر بھی عمل نہیں کر ا سکتے ۔ صدرآزاد کشمیر نے کہا کہ عوامی مسائل کا حل اور لوگوں کو سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔

سکولوں اور کالجز میں تدریسی عملے کی کمی دور کی جائے گی۔ محکمہ شاہرات اچھا کام کر رہا ہے۔ قُلی اگر سڑکوں پر دلچسپی سے کام کریں تو کوئی سڑک 15سال تک خراب نہیں ہوسکتی ۔ سردار محمد یعقوب خان نے عوامی شکایات پر متعلقہ محکموں کے ذمہ دار حکام کو موقعہ پر ہدایات جاری کیں ۔ سب سے زیادہ شکایات محکمہ برقیات سے متعلق ہیں ۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی یونین کونسل پکھر کے صدر سردار زبیر کریم ، وزیراعظم کے مشیر حافظ سردار محمد صغیر ، محمد جاوید ، سردار فاروق ، سردار لطیف ، سابق چےئرمین سردار عزیز ، سردار اکبر خان اور ڈاکٹر محمد علی نے بھی خطاب کیا اور عوامی مسائل پر روشنی ڈالی۔