باجوڑایجنسی ،سلارزئی میں سیکیورٹی فورسز کی عسکریت پسندوں کیخلاف کارروائی ،15 گھر مسمار کردیئے ،5 مشتبہ افراد گرفتار

منگل 20 جنوری 2015 21:04

باجوڑایجنسی ،سلارزئی میں سیکیورٹی فورسز کی عسکریت پسندوں کیخلاف کارروائی ..

باجوڑایجنسی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20جنوری2015ء) باجوڑایجنسی کے تحصیل سلارزئی میں سیکیورٹی فورسز نے عسکریت پسندوں کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے 15 گھر مسمار کردیئے جبکہ 5 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا، گزشتہ روز باجوڑایجنسی کے تحصیل سلارزئی کے دورافتادہ پہاڑی علاقے بانڈہ تنگی لوی میں دہشت گردوں کے موجودگی کے مصدقہ اطلاعات پر سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا ۔

ذرائع کے مطابق اس دوران سکیورٹی فورسز پر دہشت گردوں نے گھروں اور اردگرد کے پہاڑی علاقوں سے فائرنگ شروع کردی جس کے فوری بعد سکیورٹی فورسز نے پورے علاقے کو گھیرے میں لیکر تلاشی کا عمل شروع کردیا ۔ سکیورٹی فورسز بھاری ہتیاروں اور ہوائی جہازوں سے علاقے میں موجودتمام دہشت گردوں کو ہلا ک کرسکتے تھے لیکن عام لوگوں اور بے گناہ جانوں کو بچانے کے غرض سے سکیورٹی فورسز نے آمنے سامنے لڑائی کو ترجیح دی ۔

(جاری ہے)

فائرنگ کے تبادلے میں سکیورٹی فورسز کے 3اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا 3تین زخمی ہوگئے جبکہ کارروائی میں 7دہشت گرد بھی ہلاک کئے گئے جن کے لاشیں سکیورٹی فورسز نے قبضے میں لے لیں، سکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران آج پندرہ گھروں کو بھی مسمار کردیا جس میں دہشت گردوں نے پناہ لے رکھی تھی ۔ اس کے علاوہ ان 25گھروں کے بارے میں بھی تحقیقات جاری ہیں ۔

جو کہ جائے وقوعہ کے آس پاس ہیں ۔ ذرائع کے مطابق ٹھوس شواہد ملنے کے بعد ان گھروں کو بھی مسمار کردیاجائیگا۔ ابتدائی مرحلے میں ان گھروں کو خالی کرایاجارہاہے تاکہ سرچ آپریشن کے دوران جانوں کا ضیائع نہ ہو ۔ ذرائع کے مطابق علاقے میں موجود قبائل نے قبائلی روایات اور علاقائی ذمہ داریوں کو صحیح طریقے سے نہیں نبھائے ہیں ۔قبائلی روایات کے تحت ملک دشمن عناصر کو پناہ دینے والوں کیخلاف سخت کاروائی کی جاتی ہے تاکہ آئندہ کسی بھی ملک دشمن عناصر کو علاقے میں پناہ نہ مل سکے۔

یادرہے کہ باجوڑایجنسی میں قبائلی عوام نے ماضی میں دہشت گردوں کی وجہ سے کافی نقصانات اُٹھائے ہیں او ر اب قبائلی اس بات کے ہرگز متحمل نہیں ہوسکتے کہ پھر سے دہشت گردوں کیوجہ سے نقصان اُٹھائیں ہیں۔باوثوق ذرائع سے یہ بھی پتہ چلاہے کہ سکیورٹی فورسز اور انتظامیہ نے ضلع لوئر دیر اور باجوڑایجنسی کے اُن بااثر شخصیات کیخلاف کاروائی کرنیکا فیصلہ کیاہے جس کا دہشت گردوں کے سلسلے میں موقف غیرواضح اور مبہم ہے کیونکہ ان بااثر شخصیات کے مبہم موقف کا فائدہ صرف اور صرف دہشت گرد اُٹھارہے ہیں ۔

دوسرے جانب سکیورٹی فورسز نے باجوڑایجنسی کے تحصیل سلارزئی کے مختلف علاقوں کو دہشت گردوں سے صاف کرنے کے لیے موثرکاروائی شروع کردی ہیں اور بہت جلد تحصیل سلارزئی کو عسکریت پسندوں اور اسلحے سے صاف کیاجائے گا ۔باجوڑایجنسی میں دہشت گردوں کی دخل انداز ی روکنے کے لیے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں اور تمام سرحدی علاقوں میں سیکورٹی فورسزاور لیویز فورس کو ہائی الرٹ کیاگیاہے اور وہ اپنے کام میں پرعزم ہیں۔