پٹرول کی قلت، سندھ بھر میں آج بھی سی این جی اسٹیشنز کھلے رہیں گے

منگل 20 جنوری 2015 22:30

پٹرول کی قلت، سندھ بھر میں آج بھی سی این جی اسٹیشنز کھلے رہیں گے

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20جنوری2015ء) پٹرول کی قلت کے باعث سندھ بھر میں آج بدھ کے روز بھی سی این جی اسٹیشنز کھلے رہیں گے ،سوئی سدرن کمپنی نے پٹرول کی قلت کے باعث سی این جی اسٹیشنز کو مسلسل گیس کی فراہمی جاری رکھنے کیلئے صنعتوں سے گیس کے استعمال میں30فیصد تک رضاکارانہ طور پر کمی کی درخواست کی ہے۔ترجمان سوئی سدرن کمپنی کے مطابق بلوچستان اور اندرون سندھ میں سردی کی شدت میں اضافے کے باعث پہلے ہی گیس کی طلب میں اضافہ دیکھا جارہا ہے جبکہ اب پٹرول کی قلت کے باعث سندھ بھر میں سی این جی اسٹیشنز کو بھی مسلسل گیس فراہم کی جارہی ہے تاکہ عوام کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ گھریلو صارفین اور سی این جی سیکٹر کو گیس کی فراہمی کے باعث سندھ بھر میں صنعتی صارفین سے گیس کے استعمال میں30فیصد رضاکارانہ کمی کی درخواست کی گئی ہے تاکہ موجودہ ہنگامی صورتحال پر قابوپایا جاسکے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ترجمان سوئی گیس کمپنی کا کہنا ہے کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت کے باعث سندھ بھر میں سی این جی اسٹیشنز کی بندش کا شیڈول عارضی طور پر تبدیل کرنا پڑا ہے اور بدھ کے روز کراچی سمیت سندھ بھر کے سی این جی اسٹیشنز بند نہ کرنے کا فیصلہ عوام کی سہولت کے پیش نظر کیا گیا ہے تا کہ شہری پٹرول کے ساتھ ساتھ سی این جی سے بھی استفادہ کرسکیں۔

اس سے قبل گزشتہ ہفتے کے دوران پیر،بدھ،جمعہ اور ہفتہ کے روز سی این جی اسٹیشنز کو گیس فراہمی معطل رہی تھی۔

متعلقہ عنوان :