ہمارا یقین اور ایمان ہے رزق ، عزت ، زندگی اللہ کے اختیار میں ہے،سردار غلام صادق خان

بدھ 21 جنوری 2015 16:11

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 جنوری 2015ء) آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر سردار غلام صادق خان نے کہا ہے کہ ہمارا یقین اور ایمان ہے کہ رزق ، عزت ، زندگی اللہ کے اختیار میں ہے۔ اگر یہ ایمان نہ ہوتو انسان دائرہ اسلام سے خارج ہو جاتا ہے، اولیائے کرام کے آستانو ں پر حاضری صراط مستقیم پر چلنے کا طریقہ ہے تاکہ ہم سب ایمان کی حالت میں منزل مقصود تک پہنچ سکیں۔

ان خیالات کا اظہار سپیکر اسمبلی نے حضرت سید سائیں سخی سہیلی سرکار  کے 9روزہ سالانہ عرس مبارک کی اختتامی دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے وزیراوقاف و مذہبی امور چوہدری محمد افسر شاہد ، وزیرتعمیرات عامہ چوہدری محمد رشید، سیکرٹری اوقاف و مذہبی امور سید نظیر الحسن گیلانی ، میجر ریٹائر ڈ قاضی شبیر احمد ، روھیل احمد عباسی اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

چیئر مین علماء ومشائخ کونسل صاحبزادہ فضل رسول، ناظم ا علیٰ اوقاف راجہ محمدخالد نیاز ، ناظمین اوقاف شیخ نوید مسعود ، سردار طارق محمود ، نائب ناظم اوقاف محمدعزیز خان، اسسٹنٹ ڈائریکٹرخواجہ اقبال وار، معاون ناظم اوقاف سردار نواز جاوید ، عمائدین علاقہ اور زائرین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراوقاف چوہدری محمدافسر شاہدنے کہا میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ولیوں کے صدقے پاکستان کے حفاظت فرمائے اور دشمنان پاکستان ودشمنان اسلام کے خلاف جاری جنگ میں پاکستان کو کامیابی عطا فرمائے۔

آزادکشمیر کے وزیراتعمیرات چوہدری محمد رشید نے کہا کہ ہم یہاں اس لیے حاضر ہوئے ہیں کہ اولیائے کرام نے جس طرح زندگی گزاری ، اس پرعمل پیرا ہو کر اپنی زندگی کو سنواریں ۔ انہوں نے کہا کہ پشاور میں معصوم بچوں کو جس بے دردی سے قتل کیاگیا، اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور ضرب عضب کی حمایت کرتے ہیں۔ پاکستان کی سلامتی اور بقاء کے لئے ہر قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔

سیکرٹری اوقاف سید نظیر الحسن گیلانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اولیاء کی سیرت ، کردارو افکار پر عمل پیرا ہو کر عوام کی خیر خواہی ، امن و سلامتی اور انسانیت کی بہتری کے لیے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اسلام لشکر کشی کے ذریعے نہیں بلکہ بھائی چارے اور پیار و محبت پر مبنی اولیائے کرام کی تعلیمات سے پھیلا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملت اسلامیہ اپنا کھویا ہوا وقار اس وقت تک حاصل نہیں کر سکتی، جب تک ہم سب اسلام کی تعلیمات پر عمل پیرا نہ ہوں۔ اللہ کے بندوں نے جس جگہ کومسکن بنایاوہاں بستیوں کی بستیاں مسلمان ہوتی چلی گئیں۔ تقریب کا اختتام درود پاک ،ملت اسلامیہ کی بھلائی ، پاکستان کے استحکام اور دکھی انسانیت کی بھلائی کی دعا کیساتھ ہوا۔