محبت رسول مومن کی پہچان ،ایمان کی اساس ہے،سیّدغلام یٰسین گیلانی

بدھ 21 جنوری 2015 16:11

کوٹلی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 جنوری 2015ء) جماعت اہلسنت جموں وکشمیر کے مرکزی ناظم اعلیٰ سیّدغلام یٰسین گیلانی نے کہاہے کہ محبت رسول مومن کی پہچان اور ایمان کی اساس ہے، مسلمان اپنے آقا کے ناموس کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے سے دریغ نہیں کریں گے۔گستاخانہ خاکوں کی اشاعت سے دو ارب کے قریب مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی ہے۔ ایسے گستاخانہ خاکے شائع کرکے مسلمانوں کی غیرت کاللکارا جارہاہے ۔

مسلمان سب کچھ برداشت کرسکتاہے لیکن اپنے نبی ﷺ کی شان میں گستاخی برداشت نہیں کرسکتا ۔ حضورنبی کریم ﷺکی شان اقدس میں گستاخی پوری امت مسلمہ کے خلاف ایک منظم سازش ہے ۔ اس کے نتائج بھیانک ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ نبی کریم ﷺ کی شان میں گستاخی عالمی امن کے علمبرداروں کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔

(جاری ہے)

جس کی وجہ سے عالمی امن تباہ ہوسکتاہے۔ حضورنبی کریم ﷺ اور تمام انبیاء کا ادب و احترام ہمارے ایمان کاجز وہے۔

اس کڑے وقت میں امت مسلمہ کے اتحاد و اتفاق کی اشد ضرورت ہے۔ باطل قوتیں مسلمانوں کے جذبات سے نہ کھیلیں اور مسلمانوں کی دل آزاری سے باز رہیں۔انہوں نے کہاکہ فرانس کے جس جریدے نے یہ گستاخانہ خاکے شائع کیے ہیں اس کی اشاعت کو فی الفور بند کیاجائے اور اس کے ذمہ داروں کو جلد ا ز جلد کیفرکردار تک پہنچایاجائے۔ پوری دنیامیں اسلام تیزی سے پھیل رہاہے جس سے باطل قوتیں پریشان ہیں۔

انہوں نے کہاکہ دنیابھرمیں آج دہشت گردی فروغ پارہی ہے اس کی بنیادی وجہ یہی گھناؤنا فعل ہے۔ گستاخانہ خاکوں کی اشاعت اسلام دشمنی ہے جسے مسلمان کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ کل جمعتہ المبارک کو جماعت اہلسنت جموں وکشمیر کے امیر مولانامفتی محمد حسین چشتی کے اعلان کے مطا بق جماعت اہلسنت جموں وکشمیر کے زیر اہتمام ریاست گیر احتجاج کیاجائے گاجس میں علماء مشائخ اور عوام بھرپور شرکت کریں گے اور یہ عہد کریں گے کہ ناموس رسالت کے لیے اپنے خون کا نذرانہ پیش کریں گے۔