سابق وزیراعظم نے کھانے پر لوگوں کو مدعو کر کے جلسہ کرنے کی کوشش کی مگر لنچن جلسہ بری طرح فلاپ ہوا

بدھ 21 جنوری 2015 16:12

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 جنوری 2015ء) آزاد کشمیر کے وزیر ہاؤسنگ وفزیکل پلاننگ چوہدری پرویز اشرف، وزیر تعلیم (سکولز) میاں عبدالوحید، وزیر سیر و سیاحت عبدالسلام بٹ، وزیر خوراک جاوید اقبال بڈھانوی نے کہا ہے کہ میرپورمیں ”لنچن جلسہ “ بری طرح فلاپ ہوا ہے۔سابق وزیراعظم نے کھانے پر لوگوں کو مدعو کرکے جلسہ کرنے کی کوشش کی لیکن میرپور کے عوام نے چند سو سے زائد افراد نے شرکت نہ کر کے انہیں مسترد کردیا ہے۔

حکومت کے خلاف جارحانہ طرز سیاست اختیار کرنے اور حکومتی کرپشن کو بے نقاب کرنے کے دعویدار بیرسٹر سلطان محمود سیاست میں مسلسل ناکامیوں کے باعث بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ بیرسٹر سلطان کو موجودہ دور حکومت کی ترقی ہضم نہیں ہو پا رہی اور وہ مایوسی میں بانت بانت کی بولیاں بول رہے ہیں۔

(جاری ہے)

درحقیقت وہ حکومت کے خلاف کرپشن کے الزامات کی آڑ میں خود کو سیاست میں زندہ رکھنا چاہتے ہیں۔

بیرسٹر سلطان نے وزیراعظم اور وزراء پر کرپشن کے الزامات لگاتے ہیں لیکن ثبوت لے کر انصاف کے لیے کورٹس کے پاس کیوں نہیں جاتے ہیں۔ بیرسٹر سلطان محمود نے ہوس اقتدار میں پارٹی کی اعلیٰ قیادت کو بھی نہیں بخشا ہے۔ پارٹی کی مرکزی قیادت کوبلیک میل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے پارٹی کی مرکزی قیادت سے مطالبہ کیا ہے کہ بیرسٹر سلطان محمود کی جانب سے پیپلزپارٹی کی حکومت کے خلاف بیانات کا نوٹس لیا جائے۔

انہوں نے کہاکہ بیرسٹر سلطان کا ایک مسئلہ یہ بھی ہے کہ وہ وزیر اعظم بننے کے لیے بے تاب ہیں اور اس مقصد کے حصول کی خاطر وہ سیاست میں اصول، ضابطے اور قاعدے کیساتھ ساتھ پیپلزپارٹی کو بھی روند سکتے ہیں۔ اُن کے پاس حکومت کے خلاف ایسا کوئی ایشو نہیں مل پا رہا جس کو بنیاد بنا کر وہ اپنی آخری اور دیرینہ خواہش پوری کر کے پروٹوکول اور ہوٹر کا مزا دوبالا کر سکیں۔

متعلقہ عنوان :