بھارت سے ڈیوٹی فری زرعی اجناس کی درآمدکیخلاف پنجاب اسمبلی میں قرار داد جمع

بدھ 21 جنوری 2015 16:54

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 جنوری 2015ء) پارلیمانی لیڈر پنجاب اسمبلی وامیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اخترنے بھارت سے ڈیوٹی فری زرعی اجناس کی درآمداورکسانوں کے مسائل کے حوالے سے قرار دادپنجاب اسمبلی کے سیکرٹریٹ میں جمع کروادی۔جمع کروائی گئی قرارداد میں کہاگیاہے کہ ”بھارت سے ڈیوٹی فری زرعی اجناس کی درآمدسے مقامی پیداواراور کسان کومسلسل نقصان پہنچ رہا ہے۔

یہ ایوان وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اجناس کی ڈیوٹی فری درآمدپر ٹیکس عائد کرے تاکہ مقامی کسان اپنی محنت کاپورابدلہ پاسکے“۔دریں اثناء ڈاکٹر سید وسیم اختر نے اپنے بیان میں کہاہے کہ زراعت کاشعبہ پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتاہے۔افسوس ناک امر یہ ہے کہ حکومت کسان دشمن اقدامات کے ذریعے زراعت کے شعبے کوتباہ کرنے پر تلی ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ لمحہ فکریہ یہ ہے کہ پاکستانی کسان کو اس کی محنت کا صحیح صلہ نہیں دیاجاتا۔بجلی، زرعی ادویات اور کھاد کومہنگاکرکے پہلے ہی کسانوں کے لئے مسائل بڑھ چکے ہیں اب ستم بالاستم یہ ہے کہ بھارت سے ڈیوٹی فری اجناس کودرآمد کرنے کی حکومتی پالیسی نے کسانوں کومزید مشکلات سے دوچار کردیا ہے۔انہوں نے کہاکہ زراعت کی ترقی سے ہی ملک میں ترقی ممکن ہوسکتی ہے۔پاکستان کی سرزمین زخیزہے زراعت کے شعبے پر مناسب توجہ دینے سے کسان خوشحال ہوسکتا ہے اور ملک ترقی کی منزلیں طے کرسکتا ہے۔