کوئٹہ ،سردی میں سوئی سدرن کی جانب سے گیس پریشر میں کمی قابل مذمت ہے ،وفاقی وزیر نوٹس لیں،پشتونخواملی عوامی پارٹی

بدھ 21 جنوری 2015 17:34

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 جنوری 2015ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ بیان میں کوئٹہ شہر میں شدید سردی میں سوئی سدرن گیس کمپنی انتظامیہ کی جانب سے شہر کیلئے مطلوبہ گیس پریشر میں کمی کی مذمت کرتے ہوئے وفاقی وزیر گیس اور جی ایم سوئی سدرن گیس کمپنی سے مطالبہ کیا ہے کہ کوئٹہ شہر میں عوام کو جاری اذیت ناک ومشکل صورتحال سے نجات دلانے کیلئے فوری طور پر گیس پریشر کو مکمل بحال کیا جائے ۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ میں چونکہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر چکا ہے اور گیس کی ضرورت میں اضافہ ہواہے لیکن یہ امر قابل تشویش ہے کہ سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے کوئٹہ کیلئے سوئی گیس فیلڈ سے 400پی ایس آئی گیس کی بجائے 150پی ایس آئی گیس فراہم کی جارہی ہے اور زرغون گیس فیلڈ سے کوئٹہ شہر کیلئے 300پی ایس آئی گیس کی بجائے صرف 24پی ایس آئی گیس دی جارہی ہے اور مجموعی طور پر کوئٹہ شہر کیلئے 700پی ایس آئی گیس کی بجائے 174پی ایس آئی گیس کی فراہمی کی وجہ سے گیس پریشر میں انتہائی کمی آ چکی ہے اور کوئٹہ شہرکے مختلف علاقوں پشتون آباد،سرکی روڈ ،کواری روڈ، عبدالقدوس روڈ ،شالدرہ ، حاجی غیبی روڈ ،کلی شموزئی ،پشتون درہ ،عبدالولی چوک ،ٹین ٹاؤن، فیض آبادمیں گیس پریشر میں کمی کے ساتھ ساتھ صبح 7بجے سے رات 11بجے تک گیس لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا محال کردیا ہے اور لیبر کالونی نواں کلی ،سرہ غوڑگئی میں 7گھنٹے کی لوڈشیڈنگ سے عوام اذیت ناک صورتحال سے دوچار ہے ۔

(جاری ہے)

محمد خیر روڈ ،پشتون باغ ،افغانیہ خروٹ آباد ،تختانی بائی پاس ،ہنہ اوڑک، سرکی کلاں ،دیبہ ،بروری،سریاب اور دیگر علاقوں میں شدید سردی میں گیس پریشر میں کمی کی وجہ سے عوام ،بچے ،بوڑھے ٹھٹرنے پر مجبور ہے ۔ ایک جانب روز مرہ کے امور بری طرح متاثر ہورہے ہیں جبکہ دوسری جانب بچوں بڑوں اور مریضوں کو گیس پریشر میں کمی کی وجہ سے مسائل ومشکلات کا سامنا ہے اور شہر کے مختلف علاقوں میں گیس پریشر میں کمی اور گیس لوڈشیڈنگ عوام کیلئے درد سر بن چکا ہے حتیٰ کہ گھروں میں امور خانہ داری کو سرانجام دینے میں سخت مشکلات درپیش ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ شہر میں گیس مسائل کے حوالے سے پشتونخوامیپ کے 2نمائندہ وفود نے کراچی میں سوئی سدرن گیس کمپنی کے جی ایم سے تفصیلی ملاقاتیں کی اور انہیں گیس سے متعلقہ عوامی مسائل سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا لیکن مسائل حل ہونے کے بجائے جوں کے توں ہے اور عوام سخت پریشانی میں مبتلا ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ شہر کیلئے مطلوبہ گیس دیگر صوبوں کو فراہم کی جارہی ہے جس سے گیس پریشر میں کمی اور لوڈشیڈنگ کے مسائل نے جنم لیا ہے ۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ گیس انتظامیہ وحکام زرغون گیس فیلڈ میں ٹیکنیکل خرابی کے بہانے عوام کو شدید سردی میں گیس سے محروم کررہے ہیں حالانکہ زرغون گیس فیلڈ میں ایسی کوئی ٹیکنیکل خرابی کا وجود نہیں کہ جس سے اتنا بڑا مسئلہ جنم لے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ منفی درجہ حرارت میں عوام کو موجودہ مشکل حالت سے نکالنے اور شہر میں گیس پریشر کی بحالی اور لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے لازمی امر ہے کہ کوئٹہ شہر کیلئے مختص 700پی ایس آئی گیس کی فراہمی فوری طور پر یقینی بنائی جائے اور عوامی مشکلات وشکایت کا ازالہ کیا جائے ۔