پنگریو اور زیریں سندھ کے دیگر علاقوں میں ہو نے والی تازہ بارشوں کے باعث شدید خشک سالی کی شکار زرعی فصلوں کو عارضی طور پر سہارا مل گیا

بدھ 21 جنوری 2015 20:12

پنگریو ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21جنوری2015ء) پنگریو اور زیریں سندھ کے دیگر علاقوں میں ہو نے والی تازہ بارشوں کے باعث شدید خشک سالی کی شکار زرعی فصلوں کو عارضی طور پر سہارا مل گیا ہے اور سوکھتی فصلیں ایک بار پھر ہری ہونا شروع ہو گئی ہیں اپنی سوکھتی فصلوں میں جان پڑتی دیکھ کر زیریں سندھ کے کاشت کاروں کے چہرے بھی خوشی سے دمک اٹھے ہیں زرعی ماہرین نے کہا ہے کہ حالیہ غیر متوقع بارشیں زرعی فصلوں کے لئے بہت فائدہ مند ثابت ہو ئی ہیں تاہم چنائی کر دہ پیاز اور سورج مکھی کی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے جو کہ فائدے کے مقابلے میں بہت کم ہے تفصیلات کے مطابق پنگریو اور زیریں سندھ کے دیگر علاقوں شادی لارج، نندو، کھوسکی، ٹنڈو باگو، تلہار، گولارچی، ماتلی، کڈھن، کھور واہ، لواری شریف، ملکانی شریف خلیفو قاسم، ڈیئی، کھڈھرو ، راجو خانانی ، نوکوٹ، جھڈو میں ہو نے والی تازہ بارشوں کے باعث شدید خشک سالی کی شکار سوکھتی زرعی فصلوں کو زبردست فائدہ پہنچا ہے زیریں سندھ کے علاقوں میں منگل کی شام سے شروع ہو نے والا بارش کا سلسلہ بدھ کے روز بھی جاری رہا وقفے وقفے سے ہو نے والی تیز اور ہلکی بارشوں کے باعث جہاں دیگر معمولات زندگی متاثر ہو ئے ہیں وہیں پر یہ بارشیں کاشت کاروں کے لئے خوشی کا باعث بن گئی ہیں زیریں سندھ کے علاقوں میں سالانہ بندی اور بعد ازاں بھل صفائی کی وجہ سے گزشتہ ایک ماہ سے پانی کی فراہمی بند ہے جبکہ بعض علاقوں میں پانی کی فراہمی ڈیڑھ ماہ سے بند رکھی گئی ہے جس کی وجہ سے زرعی فصلیں جن میں گنا، گندم، سرسوں سورج مکھی، سبزیاں اور مویشیوں کا چارہ شامل ہے سوکھ رہی تھیں اور اکثر فصلیں پانی نہ ملنے کے باعث جلنا شروع ہو گئی تھیں مگر گزشتہ روز سے شروع ہونے والے بارشوں کے غیر متوقع سلسلے نے ان تباہ ہوتی فصلوں میں جان ڈال دی ہے اور زرعی فصلیں ہری ہونا شرو ع ہو گئی ہیں اپنی زرعی فصلوں کو تباہ ہوتے دیکھ کر شدید مایوسی کاشکار زیریں سندھ کے کاشت کار وں کے چہرے باران رحمت کے باعث اپنی زرعی فصلیں دوبارہ ہری ہوتے دیکھ کر دمک اٹھے ہیں اور کاشت کاروں و زرعی ماہرین نے ان بارشوں کو فصلوں کے لئے قدرتی مدد قرار دیا ہے کاشت کار رہنماؤں گلن شاہ، محمد یار کمبوہ، علی اکبر چانڈیو، شوکت کھوسو، وکیل ملک ، زرعی ماہرین شوکت راجپوت، شبیر آرائیں اور دیگر نے اس ضمن میں بتایا کہ موجودہ بارشوں کے باعث گنے، گندم، سورج مکھی، سرسوں ، مویشیوں کے چارے کو بہت فائدہ ہوا ہے تاہم چنائی کر دہ پیاز، اور سورج مکھی کو نقصان ہوا ہے مگر یہ نقصان زرعی فصلون کو ہو نے والے فائدے کے مقابلے میں بہت کم ہے کاشت کاروں اور زرعی ماہرین کے مطابق تازہ بارشوں کے باعث آئیندہ کئی دنوں تک زرعی فصلوں کو سہارا مل جائے گا۔

متعلقہ عنوان :