ہمارے سروں پر بھارت کے ناپاک مورچے قومی غیرت اور حمیت کے لیے چیلنج ہے،عبدالرشید ترابی

جمعرات 22 جنوری 2015 16:04

سماہنی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 جنوری 2015ء ) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ ہمارے سروں پر بھارت کے ناپاک مورچے قومی غیرت اور حمیت کے لیے چیلنج ہے ۔آج شان مصطفی کے تحفظ کے لیے علمائے کرام جمعہ کے خطبات اور عوام الناس ریلیوں اور پروگرامات میں بھر پور شرکت کریں ۔26جنوری کو بھمبر کے غیور عوام قائد پاکستان سراج الحق کا فقید المثال استقبال کریں۔

آزاد خطے میں ظلم و نا انصافی اور کرپشن کے خلاف میدان میں نکل چکے ہیں عوام ہمارا ساتھ دیں ۔ کشمیر کی آزادی کا تقاضا ہے کہ آزاد خطے کو تحریک آزادی کا حقیقی بیس کیمپ بنایا جائے ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق کے 26جنوری کے دورے کے حوالے سے ضلع بھمبر کے دورے کے موقع پر سماہنی میں مختلف مقامات پر تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر امیر ضلع امجد یوسف سمیت دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا ۔ تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق جو قومی رہنما کی حیثیت سے بھمبر کا دورہ کر رہے ہیں اس موقع پر اہل بھمبر تمام سیاسی وابستگیوں سے بالا تر ہو کر بچے بوڑھے مرد و زن اپنے تاریخی روایات کے مطابق ان کا شاندار استقبال کریں ۔

انہوں نے کہا کہ آزاد خطے میں جماعت اسلامی نظام عدل کے قیام کے لیے جدوجہد کر رہی ہے عوام ظلم نا انصافی ‘ کرپشن ‘ میرٹ کی پامالی اور اقرباء پروری کے خلاف ہمارا ساتھ دیں تاکہ ہم یہاں اسلام کا عادلانہ نظام پیش کر سکیں ۔انہوں نے کہا کہ ریڈ فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام چلنے والے اداروں میں بچوں نے بورڈز میں پوزیشنیں حاصل کی ہیں جو یہاں کے عوام کے لیے اعزاز ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جن مقاصد کے لیے بیس کیمپ آزاد کروایا گیا تھا وہ ابھی تک ادھورا ہے ہمارے آباؤ اجداد نے الله کے نظام کے قیام کے لیے یہ خطہ آزاد کروایا اور اسی مقصد کے لیے بقیہ کشمیر کی آزادی کی جدوجہد کی جا رہی ہے اور پاکستان اور آزاد کشمیر کے چپے چپے پر جہاد ہوا تھا جس کے مقاصد تاحال تشنہ ہیں ۔انہوں نے کہا کہ چھبیس جنوری 26جنوری کشمیری آزاد خطے کے دونوں حصوں میں اور مقبوضہ کشمیر میں یوم سیاہ کے طور پر منائین گے جو اس بات کی دلیل ہے کہ کشمیری آزادی چاہتے ہیں اور وہ کسی قیمت پر بھارت کے ساتھ نہیں رہنا چاہتے ۔

بھارت مقبوضہ کشمیر میں بد ترین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا مرتکب ہو رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جب تک کشمیریوں کو ان کا حق حق خود ارادیت نہیں مل جاتا اس وقت تک ہمارا جہاد جاری رہے گا ۔انہوں نے کہا کہ آزاد خطے میں نظام کی تبدیلی کو عوام قومی ایجنڈے کے طور پر لیں گے تو نظام تبدیل ہوگا اور ا ن کے مسائل حل ہوں گے اگر وہ اس کو قومی ایجنڈا نہیں بنائیں گے تو اس طرح 68برسوں سے مسائل میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے اسی طرح مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے نظام کی تبدیلی اور کشمیرکی آزادی کا ایجنڈا پیش کر دیا ہے عوام اس کے ساتھ منسلک ہوں تا کہ نظام بھی تبدیل کریں اور کشمیر بھی آزاد کروائیں ۔

متعلقہ عنوان :