صوابی، گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول بوقہ کئی سالوں سے فی میل ٹیچرز سے محروم

جمعہ 23 جنوری 2015 14:29

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 جنوری 2015ء)خیبر پختونخواہ کے ضلع صوابی کے علاقہ بوقہ میں گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول گزشتہ کئی سالوں سے خواتین اساتذہ سے محروم ،250 سے زائد بچیوں کو صرف 2اساتذہ پڑھا رہی ہے سکول میں موجودہ تعداد کے پیش نظرقانو نی طور پر6 فی میل ٹیچرزسے زائد کی ضرورت ہے،جس سے پڑھنے والی بچیوں کی بنیادی تعلیم پر بھی منفی اثر پڑ رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق ضلع صوابی کی یونین کونسل جھنڈا کے گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول بوقہ کوڈ نمبر(53533 ) تقریباً 3سالوں سے صرف دو فی میل ٹیچر چلا رہی ہیں جبکہ سکول میں بچیوں کی موجودہ تعداد 250 کے لگ بھگ ہے جس کے لئے قانونی طور پر کم از کم 7 فی میل ٹیچرز کی فوری ضرورت ہے۔ ذرائع کے مطابق سکول انتظامیہ کی طرف سے اعلٰی افسران کوکئی بارسکول میں ٹیچرز کی کمی بارے میں بتایا گیا لیکن افسران بالا سٹاف کی کمی کا بہانہ بنا کر ٹال مٹول کر رہے ہیں جس پر پیرنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن(پی ٹی اے) انتظامیہ کوخاموش رہنا پڑتا ہے حالانکہ کئی بار ضلع صوابی کے دیگر علاقائی مختلف سرکاری سکولو میں بھرتیاں کی گئی ہیں لیکن ہر دفعہ گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول بوکو کا نام فراموش کیا جاتا ہے ۔

(جاری ہے)

دوسری طرف صوبے میں قائم پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے لئے بھی یہ حساس معاملہ توجہ کا با عث ہے جو خاص کر تعلیم کے شعبے پر خصو صی توجہ کا نعرہ لگا رہی ہے۔واضح رہے کہ موجودہ سپیکر صوبائی اسمبلی کے پی کے اسدقیصر اس علاقے سے بھاری اکثریت سے انتخا بات جیت چکے ہیں۔ اس سلسلے میں اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 جنوری 2015ء نے جب بچیوں کے والدین سے رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھا کہ بنیادی حقوق دیناصوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے ، امیر گھرانے سے تعلق رکھنے والے لوگ تو اپنی بچیوں کو نجی سکولوں میں داخل کروا لیتے ہیں لیکن غریب گھرانے سے تعلق رکھنے والے لوگوں اس مہنگائی کے دور میں دو وقت کی روٹی کے اخراجات بمشکل پورا کر لیتے ہیں تونجی سکولوں کی بھاری فیسیں کہاں سے ادا کریں؟۔

اس سلسلے میں جب اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 جنوری 2015ء نے صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان سے رابطہ کیا تو انکا کہنا تھا کہ کے پی کے کے تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی کمی تھی لیکن تحریک انصاف نے حال ہی میں 8 ہزار سے زائد اساتذہ کو بھر تی کر لیا ہے اور مزید 6 ہزار کو اساتذہ کواگلے مہینے بھرتی کر لیا جائے گا۔ تا ہم ضلع صوابی کے گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول کوڈ نمبر(53533 ) بوقہ کو ترجیحی بنیادوں پر اساتذہ کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے گا، اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر( ڈی۔ای۔او) صوابی کو ہدایات جاری کر دی جائیگی