ملک میں تعلیمی نظام کی بہتری کیلئے ملکر کام کرنا ہوگا، غلام محمد صابر

جمعہ 23 جنوری 2015 17:37

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 جنوری 2015ء)ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے بلوچستان کی مختلف یونیورسٹیوں اور کالجز میں مضمون نویسی کی تقریب انعامات کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن غلام محمد صابر نے کہا کہ پاکستان جہاں معدنی وسائل سے مالا مال ہے وہی اس کی طلباء بھی دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کرنے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہے انہوں نے کہا کہ ملک میں تعلیمی نظام کی بہتری کیلئے ہمیں مل کر کام کرنا ہوگا اور اگر معاشرے کا ہر فرد احساس ذمہ داری سے کام لے تو یہ ملک جلد ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہوجائے گا سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن نے کہا کہ مضمون نویسی طلباء اور طالبات میں پڑھنے کے رجحان کو فروغ دیتا ہے اور طلباء وطالبات اسی رجحان کو مدنظر رکھ کر اپنی ساری توجہ پڑھائی پر مرکوز رکھیں تاکہ وہ اعلیٰ امتحانوں میں بھی اپنی صلاحیت کو برقرار رکھ سکیں اور اسی طرح آگے بڑھنے سے طلباء وطالبات ملک کی بہترین خدمت کرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن نے مضمون نویسی کی تقریب کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ اس طرح کے پروگرامات قابل تحسین ہیں اور آئندہ بھی طلباء کے لئے ایسے ہی مثبت تقاریب کا انعقاد جاری رکھا جائے گا۔اس موقع پر ڈائریکٹر ہائیر ایجوکیشن کمیشن حبیب اللہ ناصر نے کہا کہ بلوچستان کے مختلف یونیورسٹیوں اور کالجز کے 60سے زائد طلباء وطالبات نے مضمون نویسی میں حصہ لیا جس میں اساتذہ نے طلباء کی رہنمائی کے لئے بھرپور مدد کی جس پر ہم ان کے مشکور ہیں انہوں نے کہا کہ ایچ اے سی اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لئے کوشاں ہے اور طلباء وطالبات کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لئے مختلف سیمینار کانفرنسز مضمون نویسی کے علاوہ دیگر تقریبات کا انعقاد کرتی رہتی ہے جس سے طلباء اور اساتذہ یکساں طور پر مستفید ہوتے ہیں۔

تقریب کے آخر میں سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن غلام محمد صابر نے پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء وطالبات میں دس، دس ہزار روپے کے نقد انعامات تقسیم کئے۔