سندھ مدرسہ یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہونے والی پہلی بیچ کے طلباء ملک کے غریب اورنظر اندازلوگوں کی خدمت کریں،ڈاکٹر محمد علی شیخ،

مدرسہ کے قیام سے لے کر یہی بنیادی اصول رہا ہے تعلیم حاصل کرنے کیلئے آئیں اور خدمت کرنے کیلئے جائیں،وائس چانسلر

جمعہ 23 جنوری 2015 19:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔23جنوری۔2015ء) سندھ مدرسة یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی شیخ نے کہا ہے کہ سندھ مدرسہ یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہونی والی پہلی بیچ کے طلباء کوچاہیئے کہ وہ اپنی زندگی میں ملک کے غریب اورنظر اندازلوگوں کی خدمت کریں، سندھ مدرسہ یونیورسٹی سے گریجویئشن کرنے والی پہلی بیچ کے طلباء کے اعزاز میں ایک مقامی ہوٹل میں منعقدہ الواداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر علی شیخ نے کہا کہ سندھ مدرسہ کا اس کے قیام سے لے کر یہی بنیادی اصول رہا ہے کہ تعلیم حاصل کرنے کے لئے سندھ مدرسہ میں آئیں اور خدمت کرنے کے لئے جائیں۔

اس طرح سندھ مدرسہ یونیورسٹی کے میڈیا اسٹڈیز اورایجوکیشن ڈپارٹمینٹ کی پہلی بیچ کے طالب علموں نے سندھ مدرسہ یونیورسٹی میں اپنی تعلیم مکمل کرلی ہے اب وہ ملک وقوم کی حقیقی خدمت کے لئے جارہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ملک کے تعلیمی اداروں کو جو بجٹ ملتی ہے وہ ملک کے عوام سے ٹیکس کے مد میں حاصل کیے ہوئے پیسے ہوتے ہیں، اس لئے طالب علموں کودی جانے والی تعلیم میں ملک کے عوام کاحصہ شامل ہوتا ہے اسی لئے ان کوچاہیئے کہ وہ اپنے ملک کے عوام کی خدمت کریں۔

ڈاکٹر محمد علی شیخ نے کہا کہ پاکستان ہمارا ملک ہے جس نے ہمیں عزت اورآبرودی ہے، اس لئے اس کی اوراس کے عوام کی خدمت کرنا ہم پرفرض اورقرض ہے، انہوں نے کہا کہ سندھ مدرسہ یونیورسٹی کے فارغ التحصیل طالب علموں کوسندھ مدرسہ کے سابق طالب علم اوربانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے نقش قدم پر چلنا چاہیے جس نے اپنی مادر علمی سندھ مدرسہ کوہمیشہ یادرکھاتھا، قائد اعظم محمد علی جناح نے سندھ مدرسہ کو اپنی آخری وصیت کے ذریعے اپنی ملکیت کاتیسرا حصہ دینے کے ساتھ 1943ء میں سندھ مدرسہ میں سندھ مدرسہ کالج کاافتتاح بھی کیا تھا۔

ڈاکٹر محمد علی شیخ نے کہا کہ سندھ مدرسہ یونیورسٹی اپنے طالب علموں کوجدید تعلیم سے آراستہ کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام شعباجات کے طلباء کو جدید سہولیات اورمعیاری تعلیم دی جارہی ہے، انہوں نے کہا سندھ مدرسہ یونیورسٹی کاشعبہ میڈیا اسڈ یز کے طلباء کی تربیت کے لئے ایک جدیدٹی وی اسٹوڈیو اورایف ایم ریڈیو (فریکسونسی 96.6) قائم کئے گئے ہیں، یہی وجہ ہے کہ سندھ مدرسہ کی آخری سال ولی بیچ کے بیشتر طالب علمون کو پہلے سے ہی ملازمتیں مل گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ مدرسہ یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہونے والے طالب علم سندھ مدرسہ یونیورسٹی کوکبھی نہیں بھولیں گے۔ اس موقع پر اکیڈمک اور اسٹوڈنٹس افیئر کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر اورنگزیب، پروفیسر ڈاکٹر شائستہ ناز، پروفیسر ڈاکٹر سیدہ داؤد اورطلبا کی مختلف سوسائیٹیز اورکلبس کے عہدیداران کنول اقبال ، فرازاحمد، تانیاسلیمان، حسنین علی، مناتالیا،انس ، قر العین اوردیگر نے اپنے خیالات کااظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ مدرسہ یونیورسٹی میں داخل حاصل کرتے وقت ان کوکچھ نہیں آتا تھا، لیکن آج وہ بہترین پروفیشنلس اوربہترین انسان کے روپ میں سندھ مدرسہ یونیورسٹی سے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ مدرسہ یونیورسٹی نے ان کے کیریئر کوایک شکل اوررخ دیا ہے، اس لئے وہ اپنی اس مادر علمی کوکبھی بھی بھول نہیں پائیں گے۔ اس موقع پر طلباء نے سندھ مدرسہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے ساتھ دیگر اساتذہ کوٹائٹلس اورتحائف دیے، آخر میں موسیقی کاپروگرام منعقد ہوا۔

متعلقہ عنوان :