پاکستان کو ساکھ مضبوط کرنے کی ضرورت ہے ، حنا ربانی کھر ،

پاکستان امریکہ کے تعاون سے اپنے پڑوسی ملکوں کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنا سکتا ہے ، انٹرویو ، وزیراعظم مودی چاہیں تو دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کو بہت اچھے طریقے سے ختم کرسکتے ہیں ، سابق وزیر خارجہ

جمعہ 23 جنوری 2015 21:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23جنوری۔2015ء) سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ بھارت سے تعلقات کی بہتری کیلئے پاکستان کو چاہیے کہ وہ خطے میں اپنی ساکھ کو مضبوط کرے۔ایک انٹرویو میں حنا ربانی کھر نے کہا کہ اس وقت ناصرف امریکہ ، بلکہ تمام ہی مغربی ملکوں کی نظر میں بھارت کی کافی زیادہ اہمیت ہے اور اگر مذاکرات ہوتے بھی ہیں تو امریکہ پاکستان پر دباوٴ ڈالے گا۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان امریکہ کے تعاون سے اپنے پڑوسی ملکوں کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

اس سوال پر کہ موجود وقت میں ہندوستان کے ساتھ مذاکرات کی ڈور پاکستان کے ہاتھ میں بہت ہی کم ہے۔سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ بہتر تعلقات کیلئے پاکستان کو چاہیے کہ وہ ایک بولڈ پالیسی کا انتخاب کرے، کیونکہ مودی کے وزیراعظم بننے کے بعد جو اشارے ملے ہیں وہ تمام ہی منفی رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم مودی اگر چاہیں تو وہ دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کو بہت اچھے طریقے سے ختم کرسکتے ہیں۔حنا ربانی کھر نے کہا کہ بھارت چاہتا ہے کہ مذاکرات کے ایجڈے میں کشمیر کو شامل نہ کیا جائے تاہم پاکستان کے لیے یہ شرط قبول کرنا ممکن نہیں۔