بھارت کشمیریوں کے جذبہ حریت کو لاٹھی ،گولی اور دھونس دھاندلی سے نہیں دباسکتا‘ہمایوں زمان مرزا

پیر 26 جنوری 2015 12:45

میرپور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 جنوری 2015ء) جموں وکشمیر ہیومن رائٹس کمیشن کے چیئرمین،پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر راہنما ہمایوں زمان مرزانے کہاہے کہ آزادی کشمیریوں کا حق ہے بھارت کشمیریوں کے جذبہ حریت کو لاٹھی ،گولی اور دھونس دھاندلی سے نہیں دباسکتا ۔عالمی برادری بارُود کے ڈھیر پربیٹھے ہوئے ڈیڑھ کڑور سے زائد کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق حق خود ارادیت دلانے میں کردار اداکرے اورمقبوضہ کشمیر میں انسانی حقو ق کی بدترین پامالیوں اوربھارتی فوج کے وحشیانہ تشدد کا نوٹس لے ۔

مقبوضہ کشمیرمیں2800سوگمنام قبروں اور15000ہزار کشمیری نوجوانوں کی گمشدگی کا پتہ چلنے پر بھی اقوام متحدہ کی خاموشی معنی خیز ہے اقوام متحدہ کے مسئلہ کشمیر کے حل تک برصغیر میں قیام امن کی تمام کوششیں رائیگاں ہیں ۔

(جاری ہے)

بھارت طاقت کے بل بوتے پر کشمیری عوام پر زبردستی مسلط ہے اور ان کو ان کا حق حق خود ارادیت دینے میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے انڈونیشیا کے جزیرے مشرقی تیمور کی آزادی کے لیے اقوام متحدہ کا کردار شاندار ہے مگر کیا وجہ ہے کہ یہ کردار انڈیا کے زیر قبضہ کشمیر پر آکر رک جاتاہے ۔

اقوام متحدہ مسلم وغیر مسلم کی تفریق کیے بغیر تمام ممالک کے ایک ہی پالیسی بنائے اگراقوام متحدہ اپنی غیر جانبداری ثابت کرنے میں ناکام ہو جائے تو پھر ایسے ادارے کی افادیت ختم ہوکررہ جائے گی اور اس پر پوری دنیا کے مظلوم عوام کا اعتماد اُٹھ جائے گا۔ آج اقوام متحدہ کے اعلان کے مطابق پوری دنیا میں انسانی حقوق کا دن منایا جارہاہے کیا ہی اچھا ہوا س دن کے نسبت کے حوالے اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کو ختم کرانے میں اپنا کردار اداکرے ۔

ان خیالات کااظہار جموں وکشمیر ہیومن رائٹس کمیشن کے سربراہ ہمایوں زمان مرزانے بھارت کے نام نہاد یوم جمہوریہ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا انھوں نے کہا کہ اس وقت پوری دنیا میں سب سے بڑا مسئلہ ”مسئلہ کشمیر “ہے اگر یہ مسئلہ حل نہیں ہوتاتو پوری دنیا کاامن خطرے میں پڑسکتاہے بھارت دنیا کا سب سے بڑا دہشت گرد ملک ہے جو ڈیڑھ کڑور سے زائد کشمیر یوں کی آزادی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے ۔

بھارت نے کشمیر یوں کو اپنا ہمنواکرنے کے لیے ہرممکن حربہ استعمال کرلیا لیکن ہم خراج تحسین پیش کرتے ہیں مقبوضہ کشمیر کے غیو رکشمیریوں اور ان کی سیاسی قیادت کو جنہوں نے سخت اذیتیں تو برداشت کرلیں لیکن اپنے پایہ استقلال میں کمی نہ آنے دی ۔ہمایوں مرزا نے کہا کہ ہمیں اقوام متحدہ کے رویے سے مایوسی ہوئی ہے کہ اس ادارے نے کشمیریوں کی آزادی کے لیے ابھی تک کوئی ٹھوس لائحہ عمل نہیں اپنایا۔

انہوں نے کہاکہ کسی قوم کے مستقبل اور آزادی کی جدوجہد کو سازشوں اور بیرونی قوتوں کے بل بوتے پر روکا نہیں جا سکتا ْ پوری دنیا میں مقیم کشمیری اور آزادکشمیر ومقبوضہ کشمیر میں بسنے والے کرڑوں کشمیری امریکہ سمیت پوری عالمی برادری سے یہ پر زورمطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بھارت کے ساتھ بات چیت میں مسئلہ کشمیر کو اولین سطح پر رکھیں اور بھارت کو کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق حق خود ارادیت دینے پر مجبور کریں ۔

انہوں نے مذید کہا کہ اس وقت بھارت مقبوضہ کشمیر میں عالمی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کررہاہے نہتے کشمیریوں کو وحشیانہ طریقے سے قتل کررہا ہے اسکے علاوہ کشمیریوں کے صف اول کی قیادت کو مختلف ہتھکنڈوں سے گرفتار کرنے اور نظربند کرنے جیسے اقدامات اٹھا رہاہے۔انہوں نے کہا کہ آج کے دن میں یہ عہد کرتاہوں کہ محکوم کشمیری بھائیوں کی آزادی کیلئے کسی بھی فورمز پر آوازبلند کرنے میں کوئی کمی نہیں آنے دوں گا ۔

ہمایوں زمان مرزانے امریکہ سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کی سلامتی کونسل میں مستقل نششت کیلئے اس وقت تک حمایت نہ کرے جب تک بھارت مسئلہ کشمیر کو کشمیروں کی منشاء کے مطابق حل کرنے کی یقین دہانی نہیں کراتا ۔جموں کشمیر ہیومن رائٹس کمیشن آزادی کی اس تحریک میں ایک لاکھ سے زائد شہدائے کشمیر کی تاریخ ساز قربانیوں کو سلام پیش کرتاہے ہمایوں مرزا نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کی اس کٹھن اور دشوار کن موڑ پر تحریک آزادی کشمیر کے عظیم شہداء اور راہنماؤں کی مسلسل جدوجہد جاری رکھنے پر خراج تحسین پیش کرتاہے جنہوں نے ہندوستان کی غاصب آٹھ لاکھ ظالم افواج کا جس جرات مندی اور بہادری کے ساتھ مقابلہ کررکھا ہے جموں کشمیر ہیومن رائٹس کمیشن کشمیری عوام کو یقین دلاتا ہے کہ آپ کی عظیم اور لازوال شہادتیں ضرور رنگ لائیں گی اور آزادی کاسورج انشاء اللہ جلد طلوع ہوگا ۔

متعلقہ عنوان :