اسرائیل میں فرانس کے رسالے چارلی ایبڈو کی کاپیاں مفت تقسیم کرنے کا اعلان

منگل 27 جنوری 2015 16:48

اسرائیل میں فرانس کے رسالے چارلی ایبڈو کی کاپیاں مفت تقسیم کرنے کا ..

مقبوضہ بیت المقدس(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 جنوری 2015ء) اسرائیل میں فرانس کے رسالے چارلی ایبڈو کی کاپیاں مفت تقسیم کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔اسرائیل کے وزیر خارجہ اویدگر لائبرمین کی جماعت اسرائیل بی تینو پارٹی کے کارکنوں نے نے فرانسیسی رسالے کی متعدد کاپیاں خرید لی ہیں جنہیں مفت تقسیم کیا جائے گا۔آئرئش ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی میں موجود مسلمانوں کی جانب سے احتجاج کے بعد ملک سب سے بڑے کتابوں کا کاروبار کرنے والی چین سٹیماتزکے نے بھی فرانس سے منگوائے گئے 700 میگزین فروخت نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

سٹیماتزکے کے فیصلے کے بعد لیبر مین نے اپنے کارکنوں کو اس میگزین کے حالیہ شمارے خریدنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ یہ آزادی اظہار رائے کا مسئلہ ہے۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ لائبر مین نے کہا کہ اسرائیل کو اسلامک اسٹیٹ نہیں بننے دیا جائے گا، یہاں شدت پسند مذہب لاگو نہیں کیا جانے دیا جائیگا اور کسی کی دھمکیوں کے بعد آزادی اظہار رائے پر پابندی نہیں لگائی جا سکتی۔

دوسری جانب اسرائیل کے پارلیمان (کینسات) کے القائمة العرب ة الموحدة کے مسلم رکن مسعود غنیام نے اس حوالے سے وزیر اعظم نیتن یاہو کو رسالے کی تقسیم کے حوالے سے خط ارسال کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ یہ ایک انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور کم عقلی کا اقدام ہے۔مسعود غنیام نے کہا کہ یہ آزادی اظہار رائے نہیں ہے، بلکہ یہ مسلمانوں کے عقائد سے کھیلنے کے مترادف ہے، جس سے مسلمانوں میں اشتعال پیدا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ جب مسلمانوں کے عقائد کا مذاق اڑایا جائے تو اس کو آزادی اظہار رائے کا نام دیا جاتا ہے ‘ یہودیوں کے حوالے سے کوئی بھی بات "یہود دشمنی" قرار دی جاتی ہے۔مسعود غنیام کے خط پر اسرائیل کے وزیر خارجہ لائبر مین نے کہاکہ اسرائیل میں موجود عرب رہنماوں نے ایک اور ریڈ لائن عبور کر لی ہے۔دوسری جانب اسرائیل کی کتابوں کی فروخت کی سب سے بڑی چین نے کہا ہے کہ اس کو کسی بھی قسم کی دھمکی نہیں دی گئی بلکہ اس نے فیصلہ اپنے صارفین کی شکایات کے بعد کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :