توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے خطے میں جاری ہائیڈل پاور منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کی جائے ،چوہدری عبدالمجید

بدھ 28 جنوری 2015 17:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2015ء)وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ ملک میں توانائی کے بحران پر قابو پانے کیلئے آزاد کشمیر میں جاری ہائیڈل پاور کے منصوبوں پر کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے تاکہ یہ اپنی تکمیلی مدت سے قبل مکمل ہو سکیں۔ آزاد کشمیر کے قدرتی وسائل پاکستان کی معاشی خوشحالی کیلئے حاضر ہیں۔

پترینڈ ہائیڈل منصوبے سے حاصل ہونے والی بجلی سے پہلے مظفرآباد کی بجلی کی ضرورت پوری کی جائے۔ وہ بدھ کے روز یہاں کشمیر ہاؤس میں پترینڈ پاور پراجیکٹ پر جاری کام کی رفتار کے متعلق دی جانے والی بریفنگ سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس میں سینئر وزیر چوہدری محمد یاسین، چیف سیکرٹری عابد علی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ڈاکٹر تاشفین، پرنسپل سیکرٹری فیاض علی عباسی، سیکرٹری برقیات خواجہ احسن، ایم۔

(جاری ہے)

ڈی، پی۔ڈی۔او مشتاق گورسی اور کورین کمپنی کے نمائندوں نے شرکت کی۔ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وقار احمد خان نے اجلاس کو پترینڈ پراجیکٹ پر جاری کام کی رفتار کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ 147 میگا واٹ کا منصوبہ ملک میں توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اس منصوبے کی تکمیل سے آزاد کشمیر کو سالانہ 4 کروڑ 70 لاکھ روپے کی آمدن ہو گی۔

اس منصوبے پر 362 ملین ڈالر لاگت آئے گی۔ یہ منصوبہ 19 مارچ 2017 تک مکمل ہو جائیگا جبکہ 19 مارچ 2047 کو یہ مکمل طور پر حکومت کو یہ مکمل طور پر حکومت آزاد کشمیر کے حوالے کر دیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے اس منصوبے کی تکمیل کی مدت 51 ماہ رکھی گئی تھی تاہم کمپنی کوشش کر رہی ہے کہ یہ 48 ماہ سے بھی قبل مکمل ہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبہ کی سے اوسطاً 632 ملین یونٹ بجلی حاصل ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ اس منصوبہ کی تکمیل سے جہاں بجلی حاصل ہو گی وہاں اس سے علاقے میں روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوا ہے جس سے عوام کا معیار زندگی بھی اچھا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کیلئے صحت کی سہولیات، چلڈرن پارک، پل اور سڑک کی تعمیر سے علاقے کے لوگ مستفید ہوں گے۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری عابد علی نے منصوبے کی تعمیر میں ماحولیاتی مسائل پر پوری توجہ دینے پر زور دیا اور کہا کہ اس سلسلہ میں آزاد کشمیر اور کمپنی کے ماحولیاتی ماہرین متوقع موحولیاتی ایشوز کا بروقت حل نکالیں۔

چیف سیکرٹری نے علاقے کیلئے ترقیاتی سکیم تیار کرنے کی بھی ہدایت کی جو کورین کمپنی اپنی کوریا کی حکومت کی ترقیاتی کارپوریشن سے منظور کروانے کیلئے کردار ادا کرے گی۔ اس سکیم کے تحت پانی، سڑک اور انفراسٹریکچر کی سہولیات کو ترجیح دی جائے گی۔ کمپنی کے سی ای او نے بتایا کہ منصوبہ میں مقامی لوگوں کو ترجیح بنیادوں پر روزگار فراہم کیا جا رہا ہے۔

چیف سیکرٹری نے کہا کہ یہ منصوبہ کامیاب اور بروقت مکمل ہونا چاہیے اور اس منصوبے سے آزاد کشمیر کی عوام کو زیادہ سے زیادہ فائدہ ہونا چاہیے۔ حکومت منصوبہ کی تکمیل میں کمپنی سے بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔ اجلاس میں سینئر وزیر چوہدری محمد یاسین نے کہا کہ آزاد کشمیر میں عوام کی عوامی حکومت قائم ہے اور ہماری توجہ عوام کی فلاح و بہبود پر سب سے پہلے ہے۔

لہذا کمپنی اپنے وسائل سے مقامی لوگوں کا معیار زندگی بلند کرنے میں بھی کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ کلپور ہائیڈل پراجیکٹ کی تعمیراتی کمپنی نے علاقے کے عوام کیلئے 7 کروڑ روپے پل کی تعمیر کے لیے دینے کا اعلان کیا۔ اس طرح پترینڈ پاور پراجیکٹ کے متاثرین اور عوام علاقہ کیلئے جدید سہولیات سے مزین ہسپتال سمیت دیگر سہولیات فراہم کی جائیں۔

سینئر وزیر نے کہا کہ حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں کی وجہ سے آزاد کشمیر پن بجلی کے شعبہ میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے آئیڈیل مقام بن چکا ہے اور یہاں پر تیز رفتاری سے پن بجلی کے منصوبے شروع ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید نے آزاد کشمیر کو ترقی دے کر اسے معاشی طور پر خود کفیل بنانے کا تہیہ کر رکھا ہے۔