یوم یکجہتی کشمیر شایان شان طریقے سے منانے کیلئے تمام انتظامات فوری مکمل کئے جائیں، چودھری عبدالمجید

بدھ 28 جنوری 2015 17:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2015ء)وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجید نے ہدایت کی ہے کہ 5فروری یوم یکجہتی کشمیر کو شایان شان طریقے سے منانے کیلئے تمام انتظامات فور ی مکمل کئے جائیں پاکستان کی عوام اور حکومت کی طرف سے اہل کشمیر کے ساتھ بے مثال یکجہتی سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی اپنے حق خودارادیت کے لئے جدوجہد مزید تیز ہوگی ۔

کشمیر اور پاکستانی عوام مضبوط مذہبی ، معاشی ، سیاسی اور اخلاقی رشتہ میں جڑے ہوئے ہیں ۔ اس رشتہ کو مزید مضبوط تر بنائیں گے وہ بدھ کے روز یہاں کشمیر ہاؤس میں یوم یکجہتی کشمیر کی تیاریوں کے حوالے سے انہیں دی گئی بریفنگ کے موقع پر خطاب کر رہے تھے ۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری عابد علی ، پرنسپل سیکرٹری فیاض علی عباسی ، سیکرٹری سروسزچوہدری منیر حسین ، سیکرٹری آزاد جمو ں وکشمیر لبریشن سیل شاہد محی الدین ، اور دیگر افیسران نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید نے 5فروری یوم یکجہتی کے حوالے سے اب تک تیاریوں پر اطمینان اظہار کیا اور ان تیاریوں کو فوری حتمی شکل دینے کی ہدایت کی ۔ وزیر اعظم نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اہل پاکستان اور پاکستانی قوم میں تسلسل کے ساتھاہر سال اہل کشمیر ، منصفانہ جدوجہدحق خودارادیت سے جس طرح یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اس کی دنیا میں کہیں بھی مثال نہیں ملتی ۔

پاکستانی اور کشمیر ی ایک ہی شناخت کے دونام ہیں اور کشمیری عوام نے قیام پاکستان سے قبل ہی 19جولائی 1947کو الحاق کی قرارداد منظور کر کے اپنے مستقبل کا فیصلہ کر دیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اب تک کشمیری عوام کے دل جیتنے میں بری طرح ناکام رہا ہے اور کشمیریوں کو اقتصادی پیکج دے کر ان پر گولیاں چلاکر دیکھ لیا۔ کالے قوانین نافذکر کے دیکھ لیا اور اب حالیہ ڈھونگ انتخابات میں اربوں روپے خرچ کر کے بھی کشمیریوں کو اپنی طرف متوجہ کرنے میں ناکام رہا ۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر ی عوام بھارت کو مسترد کر چکے ہیں اور وہ اپنے فیصلے پر قائم رہیں گے ۔ وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ پاکستانی قوم اور حکومت نے ہر مشکل گھڑی میں کشمیر ی عوام کی منصفانہ جدوجہد کا سیاسی و سفارتی ساتھ دیا ہے ۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے شہداء کی تقریب میں کشمیریوں کے حق خودارادیت کی دوٹوک حمایت کا اعلان کر چکے ہیں ۔ پاکستان کی عوام سیاسی جماعتیں بھی کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہیں ۔