شہید کارکنان کے لواحقین کی جانب سے احتجاجی دھرنے کو وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے حملہ قرار دینا انتہائی افسوسناک ہے،نوید قائم خانی

بدھ 28 جنوری 2015 17:36

ٹنڈو الہ یار(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2015ء) متحدہ قومی موومنٹ ٹنڈو الہ یار زون کے زونل انچارج نوید قائم خانی و اراکین زونل کمیٹی نے وزیر اعلیٰ ہاؤس پر ایم کیو ایم کے شہید کارکنان کے لواحقین کی جانب سے احتجاجی دھرنے کو وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے حملہ قرار دینے کو انتہائی افسوسناک قرار دیا ہے۔ اپنے ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے مزید کہا ہے کہ انصاف کے حصول کی امید میں ایم کیوایم کے شہید کارکنان کے سوگوار لواحقین نے 11جنوری 2015کی شب وزیر اعلیٰ ہاؤس کے باہر پر امن احتجاجی دھرنا دیا ۔

رات بھر جاری رہنے والے دھرنے کے دوران شہیدکارکنان کے اہل خانہ رو رو کر انصاف کی دہائیاں دیتے رہے اور تمام شب یہ امید لگائے بیٹھے رہے کہ وزیر اعلیٰ انکا درد محسوس کرتے ہوئے انہیں انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں گے اور دہشت گردوں کی گرفتاری کے لئے عملی اقدامات عمل میں لائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سمیت سندھ کابینہ کے تمام وزراء نے ٹھٹھرتی سردی میں وزیر اعلیٰ ہاؤس کے باہر بیٹھے شہداء کے لواحقین کے سروں پر شفقت بھرا ہاتھ نہ رکھ کر انکی تمام تر امیدوں اور توقعات پر پانی پھیر دیا۔

اور شہداء کے لواحقین اپنے پیاروں کے جنازے اپنے ہمراہ لے کر وزیر اعلیٰ ہاؤس سے نامراد لوٹ آئے ۔ انہوں نے کہ اپنے اس غیر انسانی فعل پر کسی قسم کی شرمندگی کا مظاہرہ کرنے کے بجائے وزیر اعلیٰ سندھ نے سندھ اسمبلی کے فلور پر شہداء کے لواحقین کے دھرنے کو حملہ قرار دے دیا ۔ وزیر اعلیٰ سندھ کا یہ بیان شہداء کے لواحقین کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہداء کے احتجاج کو حملہ قرار دینے والے وزیر اعلیٰ سندھ سے شہداء کے لواحقین سوال کرنے میں حق بجانب ہیں کہ کیا اپنے پیاروں کے غم میں رونا اور انکے قتل کے خلاف احتجاج کرنا حملے میں شمار ہوتا ہے؟ اور کیا شہدائے حق کے لواحقین کو اپنے پیاروں کا غم منانے کی بھی اجازت نہیں ہے؟انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے سندھ اسمبلی میں پولیس کے مظالم کی حمایت میں کی جانے والی تقریر سے ثابت ہوتا ہے کہ سندھ کے گلیوں کوچوں میں معصوم انسانوں کا ماورائے عدالت قتل اور دوران حراست تشددوزیر اعلیٰ سندھ کے جاری کردہ لائسنس کے تحت ہورہا ہے۔ اور یوم حشر وزیر اعلیٰ سندھ کو اپنے تمام تر شرمناک اقدامات کا جواب دینا ہوگا۔