بلدیاتی نمائندوں ،عوام کی مشاورت سے پرخوشحال، تعلیم یافتہ اور پرامن چاغی کی تشکیل میرا مشن ہوگا،میر داوٴد خان نوتیزئی

جمعرات 29 جنوری 2015 17:19

دالبندین( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2015ء) ضلع کونسل چاغی کے نومنتخب چیئرمین میر داؤد خان نوتیزئی نے چاغی کے اجتماعی مسائل کی حل کو اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی نمائندوں اور عوام کی مشاورت سے پرخوشحال، تعلیم یافتہ اور پرامن چاغی کی تشکیل میرا مشن ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دالبندین کے صحافیوں کی وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

چیئرمین میر داؤد خان نوتیزئی نے کہا کہ منتخب کونسلران کی بھرپور حمایت اور بہی خواہوں کی دعاؤں سے مجھے کامیابی ملی جس کے لیئے اللہ پاک کے حضور ہمیشہ شکر گزار رہوں گاکیونکہ آج میں جس عہدے پر ہوں اس سے قبل میر آباء و اجداد نے بھی اسی عہدے پر رہ کر ضلع چاغی کے عوام کی خدمت کی اور یہاں بھائی چارے کی فضا ء کو فروغ دیا اس لیئے میری بھی یہی کوشش ہوگی کہ اپنے آباؤ اجداد کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچاکر ضلع چاغی میں ترقی و خوشحالی کے ساتھ ساتھ امن و بھائی چارے کو فروغ دوں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم ایسا چاغی چاہتے ہیں جہاں ہر مکتبہ فکر کے ساتھ غیر مسلم اقلیتیں بھی محفوظ رہیں اور اقلیتوں کو اقلیت کی بجائے اکثریت کا احساس دلایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاغی کی عوام کے ساتھ کسی بھی ناانصافی کو قبول نہیں کریں گے بلکہ ہر فورم پر اپنے لوگوں کی حقوق اور وسائل کا دفاع کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ تمام بلدیاتی نمائندوں کا فرض بنتا ہے کہ وہ عوامی اعتماد پر پورا اترتے ہوئے لوگوں کے مسائل و مشکلات کی حل کے لیئے اپنا بھرپور کردار ادا کرکے ضلعی حکومت چاغی کے امور کی انجام دہی میں بھی پیش پیش رہیں تاکہ ہم سب مل کر لوگوں کے مسائل ان کے دہلیز پر حل کر سکیں۔

انہوں نے کہاکہ میرے دروازے عوام اور بلدیاتی نمائندوں کے لیئے ہمیشہ کھلے رہیں گے اس لیئے جب بھی کوئی مجھ تک آواز پہنچانا چاہے تواسے کسی مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔انہوں نے ہدایت کہ صحافی، عوام، بلدیاتی نمائندے اور تمام مکتبہ فکر کے افراد ضلع چاغی میں ترقی و خوشحالی اور امن و امان کی قیام کے لیئے ہمیں اپنی قیمتی آراء سے ہمہ وقت نوازتے رہیں کیونکہ ضلعی حکومت عوام کی بہترین نمائندہ حکومت ہے جس کے فیصلوں میں عوامی مشاورت کا شامل ہونا خوش آئند ہوگا۔