توہین آمیز خاکوں کے خلاف دینی وسیاسی جماعتوں کاکل داوٴد چورنگی پر احتجاجی مظاہرہ ہوگا

جمعرات 29 جنوری 2015 17:19

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2015ء) توہین آمیز خاکوں کے خلاف دینی وسیاسی جماعتوں کا کل بعد نماز جمعہ2 بجے داوٴد چورنگی پر احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔مسلمان حرمت رسول پر کٹ مریں گے۔ توہین رسالت کسی قیمت پر برداشت نہیں کی جائے گی۔ اس بات کا اعلان جامعہ عثمانیہ لانڈھی میں جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنما شیخ الحدیث اور مہتمم جامعہ عثمانیہ مولانا اقبال اللہ کی زیر صدارت ”آل پارٹیز کانفرنس“ میں کیا گیا۔

آل پارٹیز کانفرنس میں فرانس کے اخبار کی جانب سے حضور کے توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کے خلاف جامعہ عثمانیہ لانڈھی میں جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنما شیخ الحدیث اور مہتمم جامعہ عثمانیہ مولانا اقبال اللہ کی زیر صدارت منعقد ہوئی۔ آل پارٹیز کانفرنس سے اہلسنت والجماعت کے صدر مولانا اورنگزیب فاروقی، پاکستان مسلم لیگ ن کے ضلعی صدر ملک محمد تاج، جماعت اسلامی لانڈھی کے امیر محمد نواز خان، مسلم لیگ ق کے رہنما نعیم عادل شیخ، جمعیت علماء اسلام کے رہنما مولانا شاکر اللہ، انجمن تاجران پاکستان کے صدر جاوید ارسلا خان، جمعیت علماء پاکستان نورانی کے رہنما مفتی ضیاء الحق، کامران نواز، عمر خان تنولی، مولانا حسین علی شاہ، مولانا طارق مسعود، مولانا جاوید صابر، لالہ وحید زمان، ڈاکٹر امیر عالم جان خٹک،خورشید بٹگرامی، مولانا قطب الدین کے علاوہ بڑی تعداد میں سیاسی، مذہبی ودینی جماعتوں کے رہنماوٴں نے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

مولانا اقبال اللہ نے اپنے صدراتی خطاب میں کہا کہ مغرب نے حضورﷺ کی شان میں گستاخی کرکے دو ارب مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا ہے۔ مسلمان کسی بھی نبی کی شان میں گستاخی کا تصور بھی نہیں کرسکتے۔ پوری دنیا کے مسلمان حضورﷺ کی شان میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ او آئی سی اور مسلم ممالک فرانس کا بائیکاٹ کریں اور فرانس کے سفیر کو اسلامی ملکوں سے بیدخل کیا جائے۔

اُنہوں نے کہا کہ آج مورخہ 30 جنوری بعد نماز جمعہ تمام مساجد سے احتجاجی جلوس نکالے جائیں گے اور داوٴد چورنگی لانڈھی میں مرکزی جلسہ ہوگا۔ جس سے تمام سیاسی ومذہبی جماعتوں کے قائدین خطاب کریں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ مسلمان حرمت رسول پر کٹ مریں گے لیکن کسی قیمت پر حضورﷺ کی توہین برداشت نہیں کی جائے گی۔ حضورﷺ کی ذات سے محبت ہمارے ایمان کا جز ہے۔

مولانا اورنگزیب فاروقی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اہلسنت والجماعت فرانس کے اخبار میں توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کے خلاف پورے ملک میں احتجاج کررہی ہے۔ 30 جنوری کو بھی داوٴد چورنگی میں ہونے والے مظاہرے میں ہم بھرپور طریقے سے شریک ہوں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ اسلام کو دہشت گرد قرار دینے والے دنیا کے سب سے بڑے دہشت گرد ہیں۔ حضورﷺ کی توہین اور گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کرکے مغرب کا گھناوٴنا چہرہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہوگیا ہے۔

مسلم لیگ ن کے ضلعی صدر ملک محمد تاج نے کہا کہ حضورﷺ کی ذات مبارکہ دونوں جہانوں کیلئے رحمت ہے۔ آپ دونوں جہانوں کیلئے رحمت اللعالمین بن کر آئے۔ مسلم لیگ ق کے رہنما نعیم عادل شیخ نے کہا کہ اسلام دشمن قوتیں مسلمانوں کے جذبات کو بھڑکا رہی ہیں۔ مسلمان اپنے نبی کی حرمت کیلئے بڑی سے بڑی قربانی دینے کیلئے تیار ہیں۔ جماعت اسلامی لانڈھی کے امیر محمد نواز خان نے کہا کہ جماعت اسلامی داوٴد چورنگی کے مظاہرے میں بھرپور طریقے سے شریک ہوگی۔

یہ کسی فرقہ یا مسلک کا مسئلہ نہیں یہ ہمارے ایمان کا مسئلہ ہے۔ نام محمدﷺ پر پوری امت ایک ہے۔ جمعیت علماء اسلام کے رہنما مولانا شاکر اللہ نے کہا کہ فرانس کے اخبار نے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کرکے پوری دنیا کے امن کو تباہ کردیا ہے۔ جمعیت علماء پاکستان نورانی کے رہنما مفتی ضیاء الحق نے کہا کہ حضورﷺ کی توہین کرنے والے دنیا وآخرت میں تباہ وبرباد ہوں گے۔ اللہ نے نبی کا مقام بلند فرمایا ہے۔ اس موقع پر مولانا قطب الدین، طارق مسعود، کامران نواز، مولانا جاوید صابر، لالہ وحید زمان، ڈاکٹر امیر عالم خٹک، عمر خان تنولی، خورشید بٹگرامی ودیگر نے بھی خطاب کیا۔