مہاجرین کے نام پر بھیک مانگنے والے فی الفور مسائل حل کریں، چوہدری صبور احمد

مہاجرین کے مسائل حل نہ کئے گئے تو برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر کے دفتر کے باہر دھرنا دینے سے بھی گریز نہیں کیا جائیگا، رہنما پیپلز پارٹی آزاد کشمیر

اتوار 1 فروری 2015 16:29

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 1فروری 2015ء) پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے رہنما چوہدری صبور احمد نے کہا ہے کہ مہاجرین کے نام پر بھیک مانگنے والوں کو خبردار کرتا ہوں کہ وہ فی الفور ان کے مسائل حل کریں۔بصورت دیگر او آئی سی کے چیئرمین کو خط لکھوں گااور تمام مسائل سے آگاہ کرونگا۔ ایک ماہ کی ڈیڈلائن دیتے ہوئے چوہدری صبور احمد نے کہا کہ مہاجرین کے مسائل حل نہ کیئے گئے تو برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر کے دفتر کے باہر دھرنا دینے سے بھی گریز نہیں کیا جائیگا۔

حکمران مہاجرین کے نام پر بہت عیاشیاں کر چکے ۔ مہاجرین کی حالت زار دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے۔ مہاجرین نے پاکستان کی محبت میں اپنا سب کچھ قربان کیا 26سالوں سے بوسیدہ ٹینٹوں میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

(جاری ہے)

مہاجرین کی حالت زار کی ذمہ دار حکومتیں اور انتظامیہ ہے۔ انہوں نے اپنی جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں بتایا کہ میں نے مہاجر کیمپوں کا دورہ کیا اور دیکھ کر حیران ہوا جو لوگ اپنے محلات گھر بار‘ زمینیں جائیدادیں صرف اور صرف پاکستان کی محبت میں قربان کی اور آج وہ کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو مہاجرین بارے اپنے رویے تبدیل کرنے ہونگے۔ مہاجرین کے حق میں جو اعلانات کرتے آرہے ہیں ان پر فی الفور عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ اور حکمران مہاجرین کی حالت زار کے ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم آزادکشمیر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایک دن مہاجر کیمپ میں گزار کر دکھائیں تو مان جاؤں۔ جو لوگ تحریک آزادی کی خاطر اپنا تن من قربان کرچکے ایسے کشمیریوں کو جانوروں کی طرح رکھنا انصاف نہیں بلکہ تحریک کیساتھ غداری ہے اور تحریک آزادی کشمیر کیساتھ کسی کو غداری نہیں کرنے دینگے۔