اقتدار ہماری منزل نہیں بنی نوع انسان کی فلاح وبہبود کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے، چوہدری عبدالمجید

پیر 2 فروری 2015 17:35

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 02فروی 2015ء) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجیدنے کہا ہے کہ کشمیریوں کا ایک ہی نعرہ ہے” حق خودارادیت “ ’حق خودارادیت “کشمیریوں نے قیام پاکستان سے قبل ہی اپنا سیاسی مستقبل پاکستان سے وابستہ کردیا تھا۔ تاریخ لکھتے وقت ذہن میں انسانیت اور قلم میں دیانت ہونی چاہیے۔

حرم پاک کے بعد پاکستان سے کشمیریوں کو سب سے زیادہ پیار ہے۔ اقتدار ہماری منزل نہیں بنی نوع انسان کی فلاح وبہبود کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے پاکستان کی مسلح افواج نے ہمیشہ ملک پاکستان کے مفادات کو مقدم سمجھا قوم کو اپنی مسلح افواج کے کردار پر ناز ہے۔مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں میڈیا نے اپنا حق پوری طرح ادا نہیں کیا پاکستان کے تمام سفارتخانوں کو مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے کے لیے مزیدمتحرک کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

وہ پیر کے روز یہاں مقامی ہوٹل میں یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلہ میں منعقدہ عائشہ مسعود کی کتاب ”کشمیر 2014“کی تقریب رونمائی سے بطور مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔تقریب سے جنرل (ر) عبدالقیوم،ظفر بختاوری،فرخندہ شمیم،علامہ جواد جعفری، ساجدہ بہار،سیکرٹری حکومت اکرم سہیل،بابر چوہدری،راجہ سجاد اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کی میزبانی جموں وکشمیر لبریشن سیل نے کی تقریب میں وزیر اعظم کے مشیر راجہ مبشر اعجاز ،سیکرٹری کشمیر لبریشن سیل شاہد محی الدین، سیکرٹری سیراظفربٹ،تقدیس گیلانی، نورین کاظمی، تنویر لطیف، پیپلزپارٹی کے میڈیا ایڈوائزر شوکت جاوید میر، میڈیا کنسلٹنٹ واحد اقبال بٹ،ڈائریکٹر اطلاعات راجہ اظہر اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ ریاست جموں وکشمیر کی اپنی تاریخ ،تہذیب،ثقافت اور پہچان ہے ریاست کے مسلمانوں نے تقسیم برصغیر کے وقت قیام پاکستان سے قبل ہی غازی ملت سردار ابراہیم کی سری نگر میں رہائش پر قرارداد الحاق پاکستان منظور کرکے اپنا سیاسی مستقبل پاکستان کے ساتھ وابستہ کردیا تھا۔انہوں نے کہاکہ قیام پاکستان کے وقت جموں کے ساڑھے تین لاکھ کشمیریوں کو سیالکوٹ باؤڈر پر شہید کردیا گیا۔

انہوں نے کہاکہ کشمیری کبھی بھی اپنے حقوق سے دستبردار نہیں ہوئے اور اپنے حق کی خاطر اپنے سرتک کٹوا دیئے ۔انہوں نے کہاکہ کشمیری روحانی طور پر پاکستانی ہیں حرم پاک کے بعد کشمیری اگر کسی سرزمین سے پیار کرتے ہیں تووہ صرف پاکستان ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہم سب کو اپنے تمام علاقائی تعصبات کو چھوڑ کر پاکستانی بننا ہوگا اس کے بغیرہم ترقی نہیں کرسکتے اور نہ ہی ملک درپیش چیلنجوں سے نکال سکتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ اس ملک کے اندرجمہوریت کے لیے سب سے زیادہ قربانیاں پاکستان پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت نے دی ہیں۔شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اپنا سر توکٹا دیا مگر جابرانہ آمر کے سامنے سر نہ جھکایا۔وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ سانحہ پشاور تاریخ کا سب سے بدترین واقعہ تھا جس میں درندوں نے معصوم بچوں کو اپنی درندگی کا نشانہ بنایا۔

انہوں نے کہاکہ ملک سے دہشت گردوں کے خاتمہ کے لیے پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور دے رہی ہیں۔آپریشن ”ضرب عضب“ بہت پہلے شروع ہو جانا چاہیے تھا انسانیت کے قاتل کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں ۔انہوں نے ملکی دفاع پر پاک افواج کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ آزادکشمیر کے 20ہزار فٹ بلند پہاڑوں پر پاک افواج کے جوان ہماری حفاظت میں کھڑے ہیں ہم ان کی قربانی ،بہادری اور شجاعت کو سلام پیش کرتے ہیں انہوں نے کہاکہ پاک فوج کے سپہ سالار جنرل راحیل شریف نے جی ایچ کیو میں یوم شہداء تقریب سے اپنے خطاب میں جس طرح کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حق میں آواز بلند کی اس سے منقسم کشمیر کے دونوں اطراف میں کشمیری عوام کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔

وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے اس ملک میں مفاہمت کی سیاست کی بنیاد رکھی جس کو سابق صدر اور شریک چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی آصف علی زرداری اورچیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے آگے بڑھایا۔دہشت گردی کے خلاف جنگ کے نتیجہ میں پید اشدہ ملکی صورتحال میں ایک مرتبہ پھر ملکی وقومی مفاد میں قوم میں اتحا دویکجہتی کے لیے کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہاکہ ملک میں اس وقت قوم کے اندر مکمل یکجہتی، اتفاق و اتحاد کا متقاضی ہے۔ اس ملک کو ہم نے مزید مضبوط ومستحکم بنانا ہے۔یہ ملک ہے تو ہم ہیں۔ ہمارا سب سے پہلے نعرہ ہے پاکستان ،پاکستان،پاکستان انہوں نے کہاکہ کشمیری مسئلہ کشمیر کے بنیادی فریق ہیں جن کی شمولیت کے بغیر مسئلہ کشمیر کا کوئی بھی حل قابل قبول نہیں۔وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے مصنفہ عائشہ مسعود ملک کو کشمیر کے حوالے سے مشاعرہ منعقد کرنے کے لیے حکومت کی طرف سے میزبانی کی بھی پیشکش کی۔

تقریب سے خطاب میں سیکرٹری اکرم سہیل نے کہاکہ عائشہ مسعود نے اپنی کتاب ”کشمیر 2014“میں کشمیر اور پاکستان کے تعلق کو نبھایا ہے۔انہوں نے بہت خوبصورت انداز میں مقدمہ کشمیر کی موجودہ اور تاریخی صورتحال پر لکھا ہے۔اکرم سہیل نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے تناظر میں اپنی لکھی ہوئی خوبصورت نظم بھی حاضرین کو سنائی۔ تقریب کے آخر میں سانحہ پشاور شہید ،جنگ بندی لائن ،ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فائرنگ سے واہگہ باؤڈر دھماکے کے سمیت دیگر واقعات میں شہید ہونے والے افراد کے لیے دعائے مغفرت بھی کی گئی