اسلامی یونیورسٹی میں شاہ عبداللہ کے لیے تعزیتی ریفرنس،ریکٹر و صدرجامعہ کا خراج تحسین

پیر 2 فروری 2015 17:42

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 02فروی 2015ء)صدر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے کہا ہے کہ سعودی فرمانروا مرحوم شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کی سادگی سے تدفین کے عمل سے متاثر ہو کر 500 کے قریب غیر مسلموں نے اسلام قبول کر لیا۔ یہ بات انہوں نے پیر کے روز جامعہ کے نیو کیمپس میں شاہ عبدللہ بن عبدالعزیز کے تعزیتی ریفرنس میں اپنے خطاب کے دوران کہی۔

تعزیتی ریفرنس میں ریکٹر جامعہ ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی سمیت جامعہ کے نائب صدور ، ڈائریکٹر جنرلز، ڈینز اور ڈائریکٹر نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی نے شاہ عبداللہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ کے جملہ ملازمین ، افسران و طلباء دکھ کی اس گھڑی میں سعودی عوام کے ساتھ ہیں اور ان کے درد میں شریک ہیں، جامعہ نے شاہ عبداللہ کے انتقال پر غائبانہ نماز جنازہ کا اہتمام کیا جبکہ ایک تعزیتی اجلاس بھی اس ضمن میں ترتیب دیا گیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی نے کہا کہ آج کے اجتماع کا مقصد ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش ،صدر اسلامی یونیورسٹی کے توسط سے اسلامی یونیورسٹی کے غم کو سعودی عوام تک پہنچانا ہے اور پوری جامعہ شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کے جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام کے لیے دعاگو ہے انہوں نے بتایا کہ جامعہ کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے سعودی سفارتحانے میں سعودی سفیر سے تعزیت کی۔

انہوں نے کہا کہ ہماری دعائیں سعودی فرمانرو اسلمان بن عبدالعزیز کے ساتھ ہیں ، ریکٹر جامعہ نے امید ظاہر کی کہ سلمان بن عبدالعزیز کے دور اقتدار میں پاکستانی و سعودی جامعات کے مابین تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے کہا کہ شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کی وفات سے امت مسلمہ ایک ہمدرد اور مخلص رہنما سے محروم ہو گئی ہے اور ان کا انتقال صرف سعودی عوام نہیں بلکہ پورے عالم اسلام کا نقصان ہے۔

ڈاکٹر الدریویش نے بتایا کہ شاہ عبداللہ اپنے وزراء اور دیگر اہم مشیروں کو ہمیشہ تلقین کرتے تھے کہ پاکستانی عوام کو ہمیشہ مقدم رکھنا جبکہ ہر مشکل وقت میں انہوں نے پاکستان کی معاونت کی۔ انہوں نے کہا کہ خدا کے حضور سب برابر ہیں اور سعودی فرمانروا کے انتقال کے بعد سادگی سے تدفین نے کئی غیر مسلم خاندانوں کو متاثر کیا جبکہ وہاں موجود 500 غیر ملکی یہ منظر دیکھ کو مسلمان ہوئے۔ صدر جامعہ نے سلمان بن عبدالعزیز کے لیے ہمت اور اپنے اسلاف کی طرح امت مسلمہ کی خدمت کی توفیق کی دعا کی اور امید ظاہر کی کہ وہ امت کا کھویا ہوا وقار واپس لانے میں اہم کردار ادا رکیں گے۔ آخر میں صدر جامعہ نے شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کی مغفرت اور امت مسلمہ کی بھلائی وخوشحالی کے لیے جامع دعا کی۔