نعیمین ایسوسی ایشن پاکستان کا دہشتگردی کے خلاف ”امن مہم“چلانے کااعلان،

مذہبی و سیاسی جماعتوں سمیت دیگرشعبہ ہائے زندگی سے وابستہ سماجی کارکنوں اور دانشوروں سے رابطہ کرکے ”بحالی امن “کیلئے مہم چلائی جائیگی

پیر 2 فروری 2015 18:47

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2فروری 2015ء ) نعیمین ایسوسی ایشن پاکستان نے خود کش حملوں کے خلاف ،دہشتگردی کے خاتمے اورپاک فوج کی حمایت میں ”امن مہم“چلانے کااعلان کردیا، مذہبی و سیاسی جماعتوں سمیت دیگرشعبہ ہائے زندگی سے وابستہ سماجی کارکنوں اور دانشوروں سے رابطہ کرکے ”بحالی امن “کے لئے مہم چلائی جائے گی۔ان خیالات کااظہار نعیمین ایسوسی ایشن پاکستان کے مرکزی صدر پروفیسروارث علی شاہین نے جامعہ نعیمیہ میں نعیمین ایسوسی ایشن کی تمام ذیلی تنظیموں کے سربراہان کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں جلد امن کمیٹی قائم کرکے ضلعی سطحی پرامن کنونشنز کا انعقاد کیاجائیگا۔مہم کے دوران شہریوں میں یہ شعور بیدار کیاجائے گاکہ مسلمان کاقتل کسی صورت جائزنہیں۔

(جاری ہے)

اسلام دشمن قوتیں بم دھماکوں اورتخریب کاری کے ذریعے بے گناہ مسلمانوں کا جانی و مال نقصان کرکے پاکستان کو عدم استحکام سے دور چار کرنا چاہتی ہیں۔

مساجد مدارس ،امام بارگاہوں،سکولزو کالجزاور پبلک مقامات پر خون کی ہولی کھیلنے والے اسلام مخالف نظریہ پرعمل پیراہیں۔انہوں نے کہاکہ اسلام کے نام انسانیت کا قتل عام جہاد نہیں بلکہ فسادہے۔مسلمانوں کاماضی امن اور سلامتی سے عبارت ہے۔مگر موجودہ دور میں مسلمانوں پردہشتگردی کا لیبل لگاکر انہیں بدنام کیاجارہا ہے۔امن کیلئے وطن عزیز کے تمام طبقات اپنا اپنا کردارادا کریں۔

اجلاس میں سینئرنائب صدرمفتی قیصر شہزاد نعیمی،مرکزی جنرل سیکرٹری مولانا شفقت علی یوسفی،مرکزی رابطہ سیکرٹری مفتی بلال فاروق نعیمی،خطیب جامعہ نعیمیہ ڈاکٹر حسیب قادری،ناظم اعلیٰ علامہ محمد قاسم علوی،ممتاز ماہر تعلیم پروفیسرلیاقت علی صدیقی،مرکزی سیکرٹر ی فنانس حافظ سفارش علی گجر،مرکزی سیکرٹری اطلاعات علی رضاساقی،نوجوان اسکالر حافظ ارشد اقبال نعیمی،پروفیسرظفر اقبال کشمیری،مفتی عبدالستار سعیدی، علامہ غلام علی اعوان ،مفتی ابوبکراعوان ایڈووکیٹ،ممتاز ربانی ایڈووکیٹ،مفتی خضرالاسلام نقشبندی،معروف مذہبی اسکالر مفتی ڈاکٹر کریم خان،صوبائی صد رمولانا یاسر سرداری،صوبائی سیکرٹری جنرل مولانا محمدنواز چشتی ،صوبائی سینئرنائب صدرمولاناپیر فاروق امیر،صد ر نعیمین ایسوسی ایشن لاہورمفتی مسعود الرحمن ،سیکرٹری جنرل مولانا محمد عمران حسین نعیمی ،مفتی عرفان اللہ سیفی سمیت دیگر مرکزی،صوبائی اورضلعی عہدیداران وذمہ داران نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :