دبئی میں عظیم آگ؟اماراتی پریشان لیکن۔۔۔

پیر 2 فروری 2015 20:28

دبئی میں عظیم آگ؟اماراتی پریشان لیکن۔۔۔

دبئی سٹی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔2فروری۔2015ء) سوشل میڈیا پر گزشتہ روز ان افواہوں نے تہلکہ مچا دیا کہ دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ پر آگ بھڑک اٹھی ہے مگر اب متعلقہ حکام اور اداروں نے واضح کر دیا ہے کہ یہ آگ نہیں بلکہ دھند، بادلوں اور سورج کی وجہ سے پیدا ہونے والا فریب نظر تھا۔سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹر پر درجنوں ایسی تصاویر جاری کی گئی تھیں جن میں برج خلیفہ کی بلند ترین منزلوں کو دھوئیں میں لپٹے ہوئے دکھایا گیا تھا۔

یہ تصاویر درجنوں شہریوں نے بنا کر انٹرنیٹ پر بھیجی تھیں۔ دبئی کے محکمہ شہری دفاع نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ برج خلیفہ مکمل طور پر محفوظ اور اس کے اندر اور باہر موجود لوگوں کو کسی قسم کا خطرہ نہیں ہے۔ پولیس اور برج خلیفہ کو تعمیر کرنے والی کمپنی Emaar نے بھی وضاحت کر دی ہے کہ عمارت میں آگ لگنے کا کوئی واقع پیش نہیں آیا ہے۔

(جاری ہے)

مختلف اداروں کی طرف سے دی گئی وضاحت کے مطابق سال کے اس حصے میں برج خلیفہ کی بالائی منزلوں کے قریب دھند اور بادلوں کا بننا معمول کا عمل ہے۔

عمارت کے اندر اور باہر کے درجہ حرارت کے فرق کی وجہ سے کنڈنیشن کے عمل کے تحت ہوا میں موجود نمی بادلوں اور دھوئیں میں بدل جاتی ہے اور جب غروب آفتاب کا وقت ہوتا ہے تو ان بادلوں اور دھند پر پڑنے والی سورج کی روشنی کے باعث یوں محسوس ہوتا کہ گویا آگ بھڑک رہی ہے۔ عمارت کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اب لوگوں کو اس بات کی عادت ہو جانی چاہئے اور افواہیں پھیلانے سے گریز کرنا چاہئے۔