مخالفین کی گردن اڑانا خلاف اسلام ہے: مصری فتوی
پیر 2 فروری 2015 20:38
قاہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔2فروری۔2015ء)مصر کی افتاء کونسل نے دولت اسلامیہ "داعش" کی جانب سے مخالفین کو "ظالمانہ طریقے سے ذبح کرنے کو غیر انسانی اور غیر اسلامی" قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ خوارج کا طریقہ واردات ہے۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق مصری افتاء کونسل کی جانب سے جاری ایک مفصل رپورٹ میں دولت اسلامیہ "داعش" کے ہاتھوں مخالفین کے قتل اور یرغمال بنائے گئے شہریوں کو ذبح کیے جانے کی شرعی حیثیت پر روشنی ڈالی گئی ہے۔
رپورٹ میں وضاحت کے ساتھ کہا گیا ہے کہ شریعت مطہرہ میں حالت جنگ یا عام حالات میں مخالفین کو یرغمال بنانے کے بعد انہیں ذبح کرنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔ قرآن پاک اور احادیث نبویہ میں ایسی کوئی قطعی نص موجود نہیں جسے اس ظالمانہ طریقے کو جواز فراہم کیا جا سکے۔(جاری ہے)
البتہ یہ طریقہ اسلام کے ابتدائی دور میں خوارج فرقے نے اختیار کیا تھا۔ وہ اپنے ہر مخالف کی گردن اڑاتے جاتے اور اس کے لیے وہ ایک حدیث کو اس کے سیاق سباق سے کاٹ کر پیش کرتے ہوئے ان الفاظ کو پیش کرتے کہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا تھا کہ "مجھے ذبح کرنے کے لیے مبعوث کیا گیا ہے۔
"رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حدیث مذکورہ کی صحت کے بارے میں بھی بہت سے اعتراضات موجود ہیں اور ثقہ علماء نے اسے قبول نہیں کیا ہے۔ یہ حدیث خوارج اپنے عقائد کو دوسروں تک پھیلانے کے لیے بہ طور جواز پیش کرتے اور مخالفین کی گردنیں اڑاتے جاتے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ قرون اولیٰ میں خوارج نے صحابی رسول حضرت حباب بن الارت کو یرغمال بنانے کے بعد ان سے حضرت ابو بکر، عمر، عثمان اور علی رضوان اللہ علھیم اجعمین کے بارے میں رائے پوچھی۔ انہوں نے چاروں کبار صحابہ کی تعریف کی تو خوارج نے انہیں شہید کر دیا۔لوگوں کی گردنیں اڑانے کا ایک طریقہ قبل از اسلام بھی عربوں میں رائج تھا لیکن ظہور اسلام کے بعد اس کا وجود ختم ہو گیا تھا کیونکہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے غیر انسانی قرار دے اس پر عمل درآمد سے روک دیا تھا۔ آپ نے جنگ کے جو اصول ومبادی پیش کیے ان میں اجناس، فصلوں، باغات، درختوں اور جانوروں تک کو مارنے سے بھی سختی سے منع فرمایا۔ بھلا یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ ایک طرف نبی کسی غیر جاندار چیز کو بھی نقصان پہنچانے سے منع کریں اور دوسری جانب وہ لوگوں کی گردنیں مارنے کی اجازت بھی دیں۔قرون وسطیٰ میں مخالفین کا اجتماعی قتل عام تاتاریوں اور منگولوں کے ہاتھوں سے اس وقت دیکھا گیا جب انہوں نے اسلامی دنیا کی اینٹ سے اینٹ بجانے شروع کی۔ تاتاریوں اور منگلوں کے اس اقدام کو کسی مذہب کی حمایت حاصل نہیں تھی۔ اسلام اس کی کیسے اجازت دے سکتا ہے۔دور حاضر میں مخالفین کو نہایت بے دردی سے قتل کرنے کا راستہ القاعدہ اور اس سے پھوٹنے والی دہشت گرد تنظیموں نے اختیار کیا۔ القاعدہ سمیت کوئی تنظیم اپنے اس طریقہ واردات کو جو مرضی شرعی جواز پہنائے لیکن وہ اسے اسلامی طریقہ کسی صورت میں ثابت نہیں کر سکتی کیونکہ مخالفین کا قتل نص شرعی سے کہیں بھی ثابت نہیں ہوتا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ داعش اور اس قبیل کے دوسرے دہشت گرد گروپوں کی جانب سے مخالفین کے قتل کی بنیادی وجہ ان گروپوں کا مخالفین پر رعب طاری کرنے کا نظریہ ہے۔ وہ اپنے مخالفین کو اسی طرح خوفزدہ کرنا چاہتے کیونکہ ان کے پاس نظریاتی مخالفین کو زیر کرنے کا اور کوئی آئینی اور قانونی راستہ نہیں ہے۔مصری افتاء کونسل کا کہنا ہے کہ داعش کے جنگجو نہ صرف مخالفین کو سرعام ذبح کرتے ہیں بلکہ لاشوں کا مثلہ کرنے سے بھی نہیں چوکتے تھے حالانکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے لاشوں کا مثلہ بنانے سے نہایت سختی سے منع فرمایا تھا۔ یہ ظلم خوارج کے ہاتھوں بھی نہیں ہوا جو اب داعش کرتی پھر رہی ہے۔رپورٹ میں داعش کی جانب سے ایک دوسری حدیث کی من گھڑت تعبیر اور تشریح کا بھی حوالہ دیا گیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ داعشی جنگجو ایک دوسری حدیث "میرا رزق میرے نیزے کی نوک تلے رکھا گیا ہے" کو بہ طور دلیل پیش کرتے ہیں۔ وہ اس کی تشریح کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ اس حدیث سے مراد محنت کرے رزق حاصل کرنا نہیں بلکہ توحید سے رو گردانی کرنے والوں کی گردانیں اڑا کر ان کے مال واسباب پر قبضہ کرنا، ان کے بچوں اور خواتین کو غلام اور لونڈیاں بنانا ہے۔"مزید بین الاقوامی خبریں
-
افغانستان میں طالبان ریاست کو تسلیم کرنے کا کوئی ارادہ نہیں، امریکا
-
غزہ میں اجتماعی قبروں کی دریافت پر اقوام متحدہ کا آزاد تحقیقات کا مطالبہ
-
کیڑوں مکوڑوں والی کافی پینے سے خاتون کی جان پر بن آئی
-
برطانیہ میں ایک فلیٹ اپنے انوکھے ڈیزائن کی وجہ سے وائرل
-
میٹا کی ایپ تھریڈز کے صارفین کی تعداد 15 کروڑ سے زائد ہوگئی
-
پرتشدد واقعے کی ویڈیو ہٹانے پرآسٹریلیا اورایکس میں شدید تنائو
-
بنگلہ دیش میں ہیٹ ویو نے تباہی مچا دی،سکولز اور مدارس بند
-
متحدہ عرب امارات، حکومت کا شدید بارش اور سیلاب سے متاثرہ گھروں کی مرمت کے لیے 544 ملین ڈالردینےکا اعلان
-
بنگلہ دیش ، شدید گرمی کے باعث ہزاروں سکول بند ، تین کروڑ تیس لاکھ بچوں کی تعلیم متاثر
-
نیتن یاہو اور ان کے ساتھیوں کو شرم آنی چاہیے، اسرائیلی قیدی کی ویڈیو جاری
-
یو اے ای میں ریکارڈ بارشیں، گھروں کی مرمت کیلئے ساڑھے 54 کروڑ ڈالر کا اعلان
-
ارجنٹائن کا انٹرپول سے ایرانی وزیر داخلہ کو گرفتار کرنے کا مطالبہ
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2024, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.