جموں کشمیر، لداخ کو علاقائی خود مختاری دینے کا دویندر سنگھ کا بیان آر ایس ایس کا دیرینہ ایجنڈا ہے، محمد یاسین ملک

منگل 3 فروری 2015 16:37

سرینگر (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 03فروی 2015ء) جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے بھارت نواز نیشنل کانفرنس کے رہنمادویندر سنگھ رانا کے جموں کشمیر اور لداخ خطوں کو علاقائی خودمختاری دینے کے بیان کو آر ایس ایس کا دیرینہ ایجنڈاقرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نواز جماعتیں اسی فارمولے پرعملدرآمدکیلئے کام کر رہی ہیں۔

سرینگر سے جاری بیان میں محمد یاسین ملک نے کہا کہ دویندر سنگھ کا بیان آر ایس ایس کا فارمولہ ہے اور ان کے بھائی بی جے پی کی حکومت میں وزیر ہیں اور یہ دونوں بھائی ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیرکی بھارت نواز سیاسی جماعتیں اور نام نہاد ارکان اسمبلی اوروزراء آر ایس ا یس کی اس مذموم پالیسی کا حصہ ہیں اور کسی نہ کسی صورت میں اسے عملی جامہ پہنانے میں شریک رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 1947ء میں آر ایس ایس نے جموں میں لاکھوں مسلمانوں کوشہید کرکے وہاں آبادی کے تناسب کو تبدیل کر دیاتھا اوریہ سازشیں آج بھی جاری ہیں ،گزشتہ کئی برسوں سے لداخ کے خطے میں مذہبی منافرت اور کشمیر دشمنی کو فروغ دیکر اس فارمولے پر عمل کیا جارہا ہے، انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے تب بھی اپنی رواداری کو ہاتھ سے جانے نہیں دیا تھا جب جموں میں لاکھوں مسلمانوں کو شہید کیا گیا اور اس کااعتراف خود مہاتماگاندھی نے کیا تھا۔

مظفر بیگ کے حریت پسندوں پر مفاد خصوصی رکھنے کے الزام کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حریت پسندیا تو جیلوں میں ہوتے ہیں یا پھرسڑکوں پر بھارتی مظالم کا سامنا کرتے رہتے ہیں۔ یاسین ملک نے کہا کہ حریت پسندوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے شہداء کے مزارات آبادکئے ہیں اور مظفربیگ اور دوسرے بھارت نوازتحریک آزادی کو ختم کرنے کے لئے بھارت سے مراعات لیتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ایک طرف پی ڈی پی ترجمان مظفر بیگ کے بیان کو انکا ذاتی بیان قرار دے رہے ہیں اور دوسری طرف اس معاملے میں اپنی جماعت کا موقف بیان کرنے کے بجائے اسے نام نہاد اسمبلی کے حوالے کرنے کی بات کہہ رہے ہیں۔انہوں نے کہا یہی نام نہاد اسمبلی جموں وکشمیر کے لوگوں کی آزادی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔محمد یاسین ملک نے کہا کہ کشمیری اْن کے کشمیر دشمن عزائم کو کسی صورت میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

متعلقہ عنوان :