ایم ڈی اے کو بحریہ ٹاؤن کی طرز پر کمپوٹرائزڈ کرنے کا عمل جاری ہے، راجہ امجد پرویزعلی

منگل 3 فروری 2015 16:37

میرپور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 03فروی 2015ء)ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات میرپور و کمشنر میرپور ڈویژن میرپور راجہ امجد پرویزعلی خان نے کہا ہے کہ ایم ڈی اے کو بحریہ ٹاؤن کی طرز پر کمپوٹرائزڈ کرنے کا عمل جاری ہے، کرپشن، ڈبل فائل جیسے دیگر مسائل باقی نہیں رہیں گے، بحریہ ٹاؤن آئی ٹی ایکسپرٹ ٹیم مسٹ یونیورسٹی کے فریش گریجویٹس کی خدمات حاصل کر رہے ہیں، تین ماہ میں ادارہ کمپیوٹرائزڈ ہوجائے گا، تارکین وطن ادارہ کی ویب سائٹ پر موجود ای میل پر شکایات اور تجاویز نوٹ کرا سکتے ہیں تمام ای میل خود دیکھتا ہوں،میرے آنے سے قبل ادارہ ترقیات شدید مالی بحران کا شکار تھا، حکومتوں کو بحرانوں میں مدد کرنے والا ادارہ تنخواہیں دینے کے قابل بھی نہ رہا تھا، اصلاحات لاکر ادارے کو اپنے پاؤں پر کھڑا کر دیا، اللہ کے فضل و کرم سے اب ادارہ مالی طورپر مستحکم ہے، ون ونڈو کے تحت الاٹیوں بالخصوص تارکین وطن کو ایک دن میں ریلیف دیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

شہریوں کو ادارہ سے کوئی معلومات نہیں دی جاتی تھیں جس کی وجہ سے تمام شعبہ جات حدود سے متجاوز ہو چکے تھے، اب ہر شعبہ اپنی قانونی حدود میں کام کر رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آفس چیمبر میں ملنے والے مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔راجہ امجد پرویز علی خان نے کہا کہ شہر میں پارکنگ کے مسائل حل کرنے کیلئے مختلف مقامات پر پارکنگ پوائنٹس بنانے کا منصوبہ زیر کار ہے، میونسپل کارپوریشن اور ادارہ ترقیات ایک معاہدہ کے تحت ملٹی سٹوری پارکنگ پلازہ تعمیر کریں گے، جگہ بلدیہ جبکہ بلڈنگ ادارہ ترقیات فراہم کرے گا، اوورسیز سیکٹر کی پلاننگ کی جارہی ہے جہاں تمام تارکین وطن جنہوں نے کئی سالوں سے الاٹ منٹ کی درخواستیں دے رکھی ہے انہیں پلاٹ الاٹ کئے جائیں گے اور جو لوگ الاٹ منٹ میں رہ گئے انہیں صاف جواب دیں گے کہ اب پلاٹ دستیاب نہیں ہیں۔

بیوٹی فکیشن آف میرپور سٹی پراجیکٹ کے تحت شہر بھر میں شجر کاری اور پبلک پارکس میں کام جاری ہے، ایم ڈی اے کے متعدد سیکٹرز میں تعمیر و ترقی کا کام بھی جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ ابھی تک لائی گئی اصلاحات سے الاٹی بالخصوص تارکین وطن مطمئن ہیں اور بھرپور حوصلہ افزائی کر رہے ہیں، مزید بہتری لائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ایم ڈی اے میں اصلاحات کے لئے شہریوں بالخصوص تارکین وطن کی تجاویز کا بھرپور خیرمقدم کریں گے۔

ادارہ کی ویب سائٹ پر موجود ای میل اور کمپلینٹ پورٹل کے لئے ایک آفیسر کو معمور کر رکھا ہے اور تمام ای میلز خود پڑھتا ہوں اور ہر ای میل پر فوری عمل درآمد بھی ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواہش ہے ادارہ ترقیات میرپور شفافیت اور عوامی خدمت میں آزادکشمیر میں رول ماڈل بن کر سامنے آئے۔