5 فروری یوم یکجہتی کشمیر کے جملہ انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میرپور

منگل 3 فروری 2015 16:40

میرپور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 03فروی 2015ء)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل چوہدری امجداقبال نے کہاہے کہ 5 فروری یوم یکجہتی کشمیرکے جملہ انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے پروگرام کے مطابق یوم یکجہتی کشمیرکا سب سے بڑاپروگرام منگلاپل پر منعقد ہوگا جہاں پاکستان اور آزادکشمیر کے عوام ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر انسانی زنجیر بنائیں گے۔ اس قومی پروگرام میں ضلع بھرکی تمام سیاسی وسماجی جماعتوں کے راہنما ، انجمن تاجراں، چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹریز ، وکلاء، صحافیوں، سماجی ومذہبی جماعتوں کے راہنماؤں، سکولوں کے طلباء واساتذہ، سرکاری جریدہ وغیرجریدہ ملازمین کے علاوہ ہرمکتبہ فکرسے تعلق رکھنے والے حضرات شرکت کریں گے۔

وہ یہاں یوم یکجہتی کشمیرکے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لینے کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن الحاج غلام رسول عوا می، اسسٹنٹ کمشنرراجہ قیصراورنگزیب خان، افسرمال چوہدری راسب، تحصیلدار راجہ ایاز ، چیف آفیسر ضلع کونسل راجہ محمدرفیق خان، اسسٹنٹ ڈائریکٹرکشمیرلبریشن سیل ملک محمداسحاق، ڈی ایس پی چوہدری مظہراقبال، ممتاز ٹرانسپورٹر چوہدری محمدایوب، انفارمیشن آفیسر محمدجاوید ملک، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر چوہدری خادم حسین کے علاوہ دیگرافراد بھی موجود تھے۔

اجلاس میں فیصلہ کیاگیاکہ میرپور سے منگلاپل پر شرکاء تقریب کو لے جانے اور واپس لے آنے کے لیے ممتاز ٹرانسپورٹر وسابق ایڈمنسٹریٹرمیونسپل کارپوریشن چوہدری محمدایوب ٹرانسپورٹ کا انتظام کریں گے جس کیلئے بڑی مسافرکوچزاور ہائی ایس مہیا کریں گے جبکہ ضلع کونسل میرپورمنگلا پل پر پاکستان اور آزادکشمیرکے طلباء میں مٹھائی تقسیم کریں گے اور اسٹیج کا انتظام کریں گے۔

اس طرح میونسپل کارپوریشن کی طرف سے منگلاپل پر بینرز لگائے جائیں گے اور صفائی وستھرائی کا انتظام کیاجائے گا جبکہ کشمیرلبریشن سیل کی طرف سے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے پاکستان اورآزادکشمیر کے جھنڈے، بینرز اور گاڑیوں کے سٹیکرز لگائے جائیں گے ۔ اجلاس میں بتایاگیاکہ منگلاپل پر ٹھیک 9 بجکر 58 منٹ پر سائرن بجائے جائیں گے جس کے برعکس ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی جس کے بعد دعائیہ تقریب منعقد ہوگی۔