تیس یوٹیلٹی سٹورز کا آڈٹ ، بائیس کروڑ روپے کی مالی بدعنوا نیوں کا انکشاف ، 30 افسران و ملازمین معطل،

مزید ذمہ داران کا تعین کرنے کیلئے کیس ایف آئی اے کو بھجوادیا گیا

منگل 3 فروری 2015 23:13

تیس یوٹیلٹی سٹورز کا آڈٹ ، بائیس کروڑ روپے کی مالی بدعنوا نیوں کا انکشاف ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔3فروری۔2015ء)یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر مختار کی خصوصی ہدایت پر تیس یوٹیلٹی سٹورز کے آڈٹ کے دوران بائیس کروڑ روپے کی مالی بدعنوانیاں سامنے آئی ہیں جس پر ایم ڈی فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے 30 افسران و ملازمین کو معطل کردیا ہے جبکہ مزید ذمہ داران کا تعین کرنے کیلئے کیس ایف آئی اے کو بھجوادیا گیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق یوٹیلٹی سٹورز کے ایم ڈی ڈاکٹر مختار نے اپنی تعیناتی کے بعد ملک بھر کے سٹورز کے مرحلہ وار انٹرنل آڈٹ کرانے کا سلسلہ شروع کردیا ہے اس حوالے سے پہلے مرحلے میں بلوچستان سے کوئٹہ کے 30یوٹیلٹی سٹورز کا انٹرنل آڈٹ کیا گیا جس میں تقریباً بائیس کروڑ روپے کی بے ضابطگیاں سامنے آئیں ۔

(جاری ہے)

آڈٹ ڈیپارٹمنٹ نے مالی بدعنوانیوں کی تفصیلات ایم ڈی کو پیش کیں جس پر انہوں نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے تیس افسران اور دیگر ملازمین کو فوری طور پر معطل کردیا ہے جبکہ 100سے زائد ملازمین جن میں ریجنل اور زونل منیجرز اور اکاؤنٹس سے تعلق رکھنے والے دیگر افسران شامل ہیں کو شامل تفتیش کرلیا ہے اور اس بے ضابطگی کے ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے تحقیقات ایف آئی اے کو سونپ دی گئی ہیں ۔

ایم ڈی یوٹیلٹی سٹورز نے آن لائن سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بدعنوانیوں میں ملوث کسی بھی افسر کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی ان بدعنوانیوں کی محکمانہ تحقیقات بھی کی جارہی ہیں اور جو بھی ذمہ داران سامنے آئے ان کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔