8 بار رکن قومی اسمبلی بننے کے باوجود بھی اسپیکر قومی کا میرے ساتھ رویہ غیر مناسب ہے،شیخ رشید،

موجود حکمران اسمبلی میں فرعون بنے بیٹھے ہیں، اسپیکر کو ناروا رویے پر بددعا ہی دے سکتا ہوں ،سربراہ عوامی مسلم لیگ

منگل 3 فروری 2015 23:21

8 بار رکن قومی اسمبلی بننے کے باوجود بھی اسپیکر قومی کا میرے ساتھ رویہ ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔3فروری۔2015ء) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ 8 بار رکن قومی اسمبلی بننے کے باوجود بھی اسپیکر قومی اسمبلی کا میرے ساتھ رویہ غیر مناسب ہے اور موجود حکمران اسمبلی میں فرعون بنے بیٹھے ہیں اسپیکر کو ناروا رویے پر بددعا ہی دے سکتا ہوں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ اسپیکر اسمبلی نے مجھے آج اسمبلی میں بولنے کا موقع نہیں دیا ان کا یہ رویہ انتہائی غیر مناسب اور غیر ذمہ دارانہ تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی طرف سے لگائے جانے والے الزامات کا بدلہ مجھ سے لیا جارہا ہے اور جو یہ الزام لگایا جاتا ہے کہ میں میڈیا پر آکر حکومت کے خلاف سخت تنقید کرتا ہوں لہذا پارلیمنٹ کے اجلاس میں نہ آیا کروں۔

انہوں نے کہا کہ میں پارلیمنٹ میں آٹھ مرتبہ رکن بنا ہوں لیکن اس طرح ہتک انگیز رویہ میں نے اسمبلی کے اندر پہلی دفعہ دیکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسپیکر اسمبلی بھی میری سیٹ کو تبدیل کردیتے ہیں تو کبھی میرا مائیک بند کردیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے اور ایم کیو ایم نے اسمبلی کے اندر میرا ساتھ دیا ہے جس کیلئے میں ان کا شکر گزار ہوں۔