کشمیری متحد ہوکر بھارت کو مقبوضہ کشمیر سے نکال باہر کرینگے،وزیراعظم آزادکشمیر

بدھ 4 فروری 2015 17:18

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 04فروی 2015ء) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجیدنے کہا ہے کہ کشمیری متحد ہوکر بھارت کو مقبوضہ کشمیر سے نکال باہر کرینگے اقوام متحدہ کی قراردادیں کشمیریوں کے حق خودارادیت کی ضمانت ہیں آج 5فروری یوم اظہار یکجہتی کشمیر کے موقع پرپاکستانی قوم ایک مرتبہ پھر کشمیریوں کی تحریک آزادی کی سیاسی ،اخلاقی اور سفارتی حمایت کا عزم دہرائے گی۔

بدھ کے روز یہاں وزیراعظم سیکرٹریٹ میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ بھارت بندوق کی طاقت سے کشمیرپر اپنے قبضہ کو دوام بخشنا چاہتا ہے اور خطہ میں عدم استحکام پیدا کرکے لوگوں کے حقوق کو دبانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر اب بھی حل طلب مسئلہ ہے اور جب تک کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کا حق خودارادیت مل نہیں جاتا وہ بھارت کے خلاف جاری تحریک آزادی کو جاری رکھیں گے وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی کی بنیادہی مسئلہ کشمیر پر رکھی گئی اور شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اقوام متحدہ میں کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لڑنے کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے او آئی سی ممالک کے وزراء خارجہ کے رابطہ گروپ برائے کشمیر میں حریت کانفرنس کو مبصر کی حیثیت دلا کر مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ آج 5فروری کو پوراپاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے یک جان ہوکر اپنے اس عزم کو دہرائے گا کہ کشمیریوں کی منصفانہ اور حق پر مبنی جدوجہد کی سفارتی ،سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھی جائے گی۔ وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ ہر سال کی طرح آج بھی بھرپور طریقے سے یوم اظہار یکجہتی کشمیر منایا جائیگا۔